شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز پر فرد جرم عائد

1 Oct, 2021 | 10:27 AM

Ibrar Ahmad

ویب ڈیسک : منی لانڈرنگ ریفرنس, شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز پر فرد جرم عائد کر دی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو طلب کرلیا۔

 تفصیلات کے مطابق  احتساب  عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان نے عدالت میں پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے ایک بار پھر کیسز کو الگ الگ تاریخوں میں مقرر کرنے کی استدعا کی۔ نصرت شہباز پر نمائندے چودھری نواز ایڈووکیٹ کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی 

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ 3ریفرنسز ميں ایک ہی تاریخ سے گواہوں کے بیان ریکارڈ نہیں ہوسکتے، جس پر عدالت نے کہا کہ جب گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونا شروع ہوں گے تو دیکھ لیں گے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو طلب کرکے سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ 16ستمبر کو شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں ٹرائل جوائن کیا تھا جس پر احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر نصرت شہباز کو نمائندے کے ذریعے فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کیا تھا۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان پر پہلے ہی فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔ نیب عدالت نے نصرت شہباز کو عدالت پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دیا تھا۔ شہباز شریف نے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس میں موقف اپنایا تھا کہ اہلیہ نصرت شہباز علاج کے لیے بیرون ملک ہیں لیکن وہ ٹرائل جوائن کرنا چاہتی ہیں۔ جیسے ہی واپس آئیں گی ٹرائل جوائن کرلیں گی لہٰذا نیب عدالت کا اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے اور نصرت شہباز کو نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دے۔

مزیدخبریں