(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین نیب جاوید اقبال کہیں نہیں جارہے، حکومت کا چیئرمین کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ، وزات قانون نے صدارتی آرڈیننس کامسودہ تیارکرلیا۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، وزارت قانون نے مجوزہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے چیئرمین نیب کو توسیع دینے کا مسودہ تیار کرلیا ہے جس کا متن وزیراعظم کی منظوری کے بعد آج ہی صدر مملکت کو پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ آرڈیننس کے تحت جاوید اقبال نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی تک کام کرتے رہیں گے، ذرائع کے مطابق نیب آرڈیننس 1999 کی شق 6 کے تحت چیئرمین نیب کی مدت کو توسیع نہیں دی جاسکتی۔
واضح رہے کہ حکومت نے چیئرمین نیب کی تعیناتی پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مشاورت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے اگلے چیئرمین نیب کے بارے میں پوچھنے کا مطلب ہے کہ ملزم سے پوچھیں کہ اس کی تفتیش کون کرے گا۔