نشتر پارک (سٹی42) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر بیان کو مبہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے سکیورٹی کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی۔
برطانوی اخبار سے گفتگو میں رمیز راجہ نے کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا بیان مبہم ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ سے سکیورٹی کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی، برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ برطانوی حکومت نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری نہیں بدلی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کھلاڑیوں کی ویلفیئر اور سکیورٹی کے حوالے سے بھی انگلش کرکٹ بورڈ نے انگلش ٹیم سے کوئی بات نہیں کی اور صرف نیوزی لینڈ ٹیم کے دورہ پاکستان سے دستبردار ہونے کے بعد از خود نتیجہ اخذ کرکے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے انگلش کرکٹ بورڈ کے پاکستان آنے سے انکار کے فیصلے پر معذرت کا بیان شیئر کر دیا، شعیب اختر نے انگلش بورڈ کے چیئرمین این واٹمور کے بیان کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا، سابق کرکٹر نے بیان شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں 'اچھا جی'لکھا اور ساتھ سوالیہ نشان بھی بنایا۔