( ملک اشرف ) سجاد حسین سندھڑ کو نیا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور تعینات کردیا گیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد چھ سیشن ججز کے تقرر و تبادلے کیے گیے۔ تبدیل ہونے والے سیشن ججز کو پانچ اکتوبر تک نئی تعیناتی کا چارج لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چیف جسٹس کی منظوری کے بعد رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے ججز کے تقرر و تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیشن جج لاہور محمد اعظم سرویا کو تبدیل کرکے مزید تقرری کے لئے لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈیشنل رجسٹرار ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ سہیل اکرام تبدیل کرکے انہیں سیشن جج اٹک تعینات کر دیا گیا۔ سیشن جج جھنگ امیر محمد خان کو تبدیل کرکے انہیں مزید ترقی کے لئے لاہور ہائیکورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جج لیبر کورٹ غفار مہتاب کو ایڈیشنل رجسٹرار ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ جبکہ تقرری کے منتظر محمداکرم شیخ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جھنگ تعینات کردیا گیا ہے۔