پہلے جلسے پھر لانگ مارچ، (ن) لیگ نے تیاریاں شروع کردیں

1 Oct, 2020 | 03:10 PM

Sughra Afzal

ماڈل ٹاؤن (عمرا سلم) قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز  شریف کی زیر صدارت سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ویڈیو لنک اہم اجلاس ہوا، لیگی رہنماؤں نے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہونے والے احتجاجی جلسوں اور پروگرام کے حوالے سے میاں نوازشریف کو بریفنگ دی۔ 

سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کی گئی، نوازشریف نے کہاکہ شہباز شریف پر فخر ہے اورانہیں سلیوٹ پیش کرتا ہوں، الیکشن میں دھاندلی ہوئی، آر ٹی ایس کی دھاندلی کو تقدیر کا فیصلہ سمجھ کر قبول نہیں کرسکتے، آج ہمارے بچوں کیساتھ جو سلوک ہو رہا ہے، تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔

نواز شریف نے کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، قوم نے ظلم زیادتیوں کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کرلیا، تبدیلی ہفتوں میں آئے گی۔ جو70سال سے ہو رہا ہے، اب مزید نہیں ہو گا، جج ارشد ملک نے تسلیم کرلیا کہ فیصلہ دباؤ میں سنایا لیکن آج بھی فیصلہ قائم ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور سابق گورنر سندھ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ناکام ہو چکی ہے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم سے11  اکتوبر کے جلسے سے احتجاجی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں لانگ مارچ بھی کریں گے، نیب دو نمبر کام کر رہا ہے اگر نیب میں ہمت ہے تو مجھے گرفتار کر لے، عوام حکومت کا فائنل راؤنڈ کھیلنے جا رہی ہے، نیب اس وقت کانے دجال کا کردار ادا کر رہا ہے۔

اس موقع پر سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھاکہ نوٹس دینے والے مولانا فضل الرحمان سے ڈر گئے، شوگر مافیا اور آٹا مافیا اربوں روپے لوٹ کر حکومت میں بیٹھ گیا ہے، بی آر ٹی مالم جبہ فارن فنڈنگ کیس نظر نہیں آتا۔

مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز بھی متحرک ہو گئیں، پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی ہدایت پر مریم نواز ملک بھر میں جلسے، جلوس اور ریلیوں نکالیں گی۔ اس سلسلے میں مریم نواز نے گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی و پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں طے پایا کہ مریم نواز 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہاں جلسہ کریں گی جس کے لئے گوجرانوالہ تنظیم کو تیاری کی ہدایت کردی گئی۔

مزیدخبریں