سٹی 42 : وزیرِاطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا نواز شریف کےخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کردیا ۔ کہتے ہیں کہ نواز شریف نےکروز میزائل کے حوالےسےسرعام بات کرکے حساس قومی راز افشاں کیے۔
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نےسابق وزیراعظم نوازشریف کے بیان پر کہا ہے کہ نواز شریف اہم ملکی رازوں سے پردہ اٹھا کرغداری کے مرتکب ہوئےہیں،نواز شریف ملک،قوم اور ریاستی اداروں سےبغض اور کینہ میں حد سے آگے نکل چکےہیں، تین دفعہ وزیرِ اعظم رہنے والے نواز شریف نے ملکی رازوں کی حفاظت کا حلف اٹھایا تھا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان اپنی ذات کےعلاوہ کچھ بھی سوچنے سمجھنے سےعاری ہیں، نواز شریف اپنی کم فہمی کےباعث ہمیشہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر سبکی کا باعث بنے ہیں،پاکستانی عوام شریف خاندان کا ملک دشمن ایجنڈا ٹھکرا چکی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے ٹویٹ کیا ہے کہ میاں مفرور نے اپنے حلف کو توڑ دیا اور جو معلومات وزیراعظم کے طور پر ان کے پاس تھیں ان کو پبلک کر کے پاکستان کے دفاع اور پاکستان کے وقار کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ میاں مفرور کا ٹرائل ہونا چائیے۔ غداری اور کسے کہتے ہیں ؟