ملک محمد اشرف : لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ پر عدالتی احکامات نظر انداز کرنے کا الزام ،ہائیکورٹ میں لیسکو چیف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی ،عدالت نے مجاہد پرویز چٹھہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے سابق ڈرافٹس مین نوید احسن کی درخواست پر سماعت کی ،درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا کہ محکمانہ پالیسی کے تحت گریڈ 12سے گریڈ 15 میں اپ گریڈ نہیں کیا گیا ۔عہدے کی اپ گریڈیشن کیلئے لیسکو چیف کو درخواست دی۔دادرسی نہ ہونے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے لیسکو چیف کو قانون کے مطابق فیصلے کا حکم دیا۔عدالت کے 10اکتوبر 2019 کے حکم کی تعمیل نہیں کی جا رہی ۔
درخواستگزاروکیل نے دلائل دیتے ہوئے استدعا کی کہ حکم عدولی پر لیسکو چیف کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے وکیل کا موقف سننے کے بعد لیسکو چیف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
دوسری جانب ایس پی صدر غضنفر عباس پر عدالتی احکامات نظر انداز کرنے کا الزام پر ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی ،عدالت نے ایس پی صدر غضنفر عباس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس شاہد کریم نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازم اسرار احمد کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا کہ پنجاب ورکرز ویلفیئر ہاوسنگ سکیم میں سرکاری رہائش گاہ الاٹ ہوئی ۔الاٹ کی گئی رہائش گاہ پر قبضہ کر لیا گیا۔قبضہ کیخلاف ایس پی صدر کودرخواست دی ۔شنوائی نہ ہونے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔عدالت نے قبضہ ختم کروانے کی درخواست دادرسی کیلئےایس پی صدر کو بھجوا دی ۔
عدالت نے ایس پی کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیا ۔عدالت کے 12مارچ 2020 کی حکم کی تعمیل نہیں کی جا رہی ہے۔درخواستگزار نے استدعا کی کہ حکم عدولی پر ایس پی صدر کیخلاف توہین عدالت کی کاررروائی کی جائے ۔