ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

’ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور قطر انتہائی کامیاب رہا‘

’ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور قطر انتہائی کامیاب رہا‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی : وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور قطر انتہائی کامیاب رہا ۔ 

وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اپنا دورہ مکمل کر کے وطن واپس آ گئے ہیں ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے، حالات میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، اصلاحات کے مرحلے سے ہم استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دورہ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقاتیں نتیجہ خیز رہیں، ملکی معیشت کی بحالی اور استحکام میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سعودی وزیر سرمایہ کاری پاکستان آئے، یہاں 27 مفاہمت کی یادداشتیں دستخط ہوئی تھیں جن کی مالیت 2.2 ارب ڈالر تھی، انوسٹمنٹ کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم کی انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی ۔ سعودی عرب کے ساتھ مزید معاہدے ہوئے ہیں، پانچ ایم او یوز پر کام شروع ہو چکا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط دوستی کا رشتہ قائم ہے ۔ 

عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہو چکی ہے، 27 ایم او یوز سے بڑھ کر 34 ایم او یوز ہو گئے ہیں، پانچ ایم او یوز پر کام شروع ہو چکا ہے،  600 ملین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری سے معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ قطر نے پاکستان کے حوالے سے نمائش کا انعقاد کیا، پاکستانی فنکاروں، مصوروں کو اس نمائش میں مدعو کیا گیا۔ 1947ءسے اب تک کے پاکستان کے فن اس نمائش میں پیش کئے گئے، نمائش کے انعقاد پر امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ کے مشکور ہیں، اس نمائش کے انعقاد سے پاکستان کی عزت افزائی ہوئی، دنیا بھر سے آئے ہوئے لوگوں نے پاکستانی فن پاروں کو سراہا۔ امیر قطر اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان غیر روایتی گرم جوشی دیکھنے میں آئی ۔ 

وزیر اطلاعات نے کہا  کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، اس سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔ پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، مہنگائی 6.9 فیصد پر آ گئی ہے، ریکارڈ ترسیلات پاکستان میں آئیں، شرح سود میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ محاذ پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔ دوست ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، شہباز شریف کا اکنامک ایجنڈا تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے، پاکستان 24 سال بعد فسکل سرپلس میں گیا ہے، قطر پاکستان میں توانائی، معدنیات، آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرے گا، قطر کا وفد جلد پاکستان آئے گا ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں غیر سنجیدہ حکومت ہے، وہ کبھی بھاگتے ہیں، کبھی چھپتے ہیں، یہ کرتب کتنی دیر چلیں گے؟، صحت، تعلیم، اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے کیا اصلاحات کیں؟، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کیا اقدامات اٹھائے، یہ نظر نہیں آ رہے، بہت جلد عوام ان کا گریبان پکڑیں گے، پی ٹی آئی کی حکومت نے طالبان کو واپس لا کر بسایا، امن و امان اور دہشت گردی کی کارروائیوں پر ان کی کوئی توجہ نہیں ہے، خیبر پختونخوا میں سویلین اور فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں،خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ صوبائی معاملات کو چلانے کیلئے اہل نہیں ہیں ۔ خیبر پختونخوا کے عوام کو ان کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے ۔ 

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیکورٹی کے حوالے سے وزیراعظم کی بھرپور توجہ ہے، دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں، دہشت گردی کے واقعات میں وقت کے ساتھ کمی واقع ہوگی، دہشت گردی کے خاتمے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی ۔