سٹی42 : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی ہندو برادری ملکی ترقی میں انمول کردار ادا کرتی رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک باد دی ہے،انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ روشنیوں کا یہ تہوار اتحاد، امن اور مسرت جیسے آفاقی اقدار کی علامت ہے، یہ آفاقی اقدار پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے میں گہرائی سے جڑے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تمام برادریوں کے درمیان ہم آہنگی، احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینا ہمارا عزم ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یہ پختہ عزم ہے کہ تمام مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، پیپلز پارٹی ملک میں ایک بہتر معاشرتی ماحول کو فروغ دینے کے لیے سرگرم ہے۔