مائدہ وحید: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح/رات کےاوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے تاہم مشرقی پنجاب میں صبح/رات کے اوقات میں سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی آلودگی کے باعث شہری سانس اور گلے کی بیماریاں میں مبتلا ہونے لگے ہیں، شہری بغیر ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔
شہر لاہور کےموسم میں تبدیلی آنے سےصبح کے اوقات میں ٹھنڈک محسوس کی جانے لگی،محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 18 اور زیادہ سے زیادہ 33ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔شہر لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں کمی نہ آسکی، شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 220ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔سید مراتب علی روڈ 253،جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 247ریکارڈ، پاکستان انجینئرنگ سوسائٹی میں فضائی آلودگی کی شرح 256ریکارڈ کی گئی ہے۔آلودگی پر قابو پانے کیلئے شہر کے چند مقامات پر گرین لاک ڈاؤن بھی لگا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور بلوچستان کے دیگر اضلاع اور گردونواح میں بھی موسم خشک اور اکثر پہاڑی علاقوں میں سرد رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث رواں برس اسموگ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ پنجاب کے ان اضلاع میں سیالکوٹ ، نارووال ، گوجرانوالہ ،لاہور، فیصل آباد، قصور،اوکاڑہ ، بہاولپوراور شیخوپورہ میں اسموگ چھائی رہے گی۔سندھ اور خیبرپختونخواکے بھی دیگر اضلاع میں موسم خشک اور گرم جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے چند اضلاع میں خشک اورکچھ میں سرد رہے گا۔