(ویب ڈیسک) آسٹریلوی فضائی کمپنی ’جیٹ سٹار ایئرویز‘ کی ایک پرواز کے عملے نے ایک معذور لڑکی کو گھٹنوں کے بل رینگ کر جہاز سے اترنے پر مجبور کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ کی رہائشی نتالی کرٹس نامی یہ لڑکی نوعمری میں ہی ایک حادثے کی وجہ سے وہیل چیئر کی ہو کر رہ گئی تھی۔ نتالی جیٹ سٹار کی پرواز کے ذریعے سنگاپور سے تھائی لینڈ پہنچی جہاں بنکاک لینڈ کرنے پر جیٹ سٹار کے عملے نے اسے وہیل چیئر مہیا کرنے سے انکار کر دیا۔
عملے نے کہا کہ اگر اسے وہیل چیئر چاہیے تو اضافی رقم ادا کرنی ہو گی۔ نتالی اپنی سہیلی نتاشا ایلفرڈ کے ہمراہ تھائی لینڈ گئی تھی، جو اسے اٹھا کر بھی جہاز سے نہیں اتار سکتی تھی، چنانچہ نتالی گھٹنوں کے بل رینگ کر پرواز سے نیچے اترنے پر مجبور ہو گئی۔
نتالی نے فیس بک پر اس واقعے کے بارے بتاتے لکھا کہ”سنگاپور ایئرپورٹ پر اسے ایسی وہیل چیئر مہیا کی گئی تھی جو جہاز کی سیٹوں کے درمیانی راستے میں پوری آ سکتی تھی۔
جب میں بنکاک ایئرپورٹ پر اتری اور جہاز کے عملے سے ویسی ہی وہیل چیئر مانگی تو انہوں نے کہا کہ اضافی رقم ادا کیے بغیر وہیل چیئر نہیں مل سکتی۔ میں نے انہیں رقم دینے سے انکار کر دیا اور گھنٹوں کے بل جہاز سے اتر گئی۔“