ویب ڈیسک: ایشیا، انٹار کٹیکا، شمالی امریکا، شمالی اور مشرقی یورپ سمیت جنوبی امریکا کے بیشتر حصول میں چاند گرہن کا نظارہ 8 نومبرکو ممکن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق یہ رواں سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن ہوگا مگر پاکستان کے کچھ حصوں میں جزوی چاند گرہن کو ہی دیکھنا ممکن ہوگا۔ واضح رہے کہ چاند گرہن کا مشاہدہ پاکستان میں ممکن نہیں ہوگا کیوںکہ پاکستانی وقت کے مطابق چاند گرہن کا آغاز 8 نومبر کو دوپہر ایک بج کر 2 منٹ پر ہوگا اور 4 بجے کے قریب مکمل چاند گرہن ہوگا، البتہ شام 5 بج کر 49 منٹ پر ملک کے مختلف حصوں میں جزوی چاند گرہن دیکھنا ممکن ہوگا۔
جب چاند زمین کے سائے کے تاریک ترین حصے سے گزر رہا ہوتا ہے اور زمین، سورج اور چاند کے درمیان میں آجاتی ہے تو اس موقع پر چاند گرہن ہوتا ہے، اسے بلڈ مون بھی کہا جاتا ہے۔ اگلی بار مکمل چاند گرہن کے نظارے کے لیے مارچ 2025 تک انتظار کرنا ہوگا۔ اس چاند گرہن کی ایک خاص بات یہ ہے کہ امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے موقع پر پہلی بار ایسا ہورہا ہے اور آئندہ 372 سال تک ایسا نہیں ہوسکے گا۔