کوہلی کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے پر آئی سی سی کا بیان بھی سامنے آگیا

1 Nov, 2022 | 08:17 AM

ویب ڈیسک:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلیا میں موجود بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے کے بعد آئی سی سی کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔

 ویرات کوہلی نے سوشل میڈیا پرگزشتہ روز ایک ویڈیو پوسٹ کی اور بتایا کہ یہ ہوٹل کراؤن پرتھ میں ان کے کمرے کی ویڈیو ہے جو انہوں نے نہیں بنائی بلکہ انہیں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر ملی ہے اور یہ اس وقت بنائی گئی جب وہ کمرے میں موجود نہیں تھے۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق کوہلی کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے پر آئی سی سی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹر کی پرائیوسی کی خلاف ورزی مایوس کن ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں تما ہوٹلز اور سکیورٹی فراہم کرنے والوں کے ساتھ کام کررہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایونٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کی پرائیویسی کا مکمل احترام کیا جائے۔

دوسری جانب کوہلی کی نشاندہی پر ہوٹل انتظامیہ کی سکیورٹی پر سوال اٹھایا جارہا تھا تاہم انہوں نے اپنا مؤقف جاری کردیا۔ہوٹل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ویرات کوہلی کے کمرے کے اندر کی ویڈیو بنانے اور اسے سوشل میڈیا پر ڈالنے والے افراد کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے ویرات کوہلی کی اجازت کے بغیر ان کے کمرے میں داخل ہونے کے معاملے پر معذرت کی ہے اور وعدہ کیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آئندہ ایسا واقعہ نہ ہو۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمرے کی اوریجنل ویڈیو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری طور پر ڈیلیٹ کردی گئی تھی جبکہ ہم اس حوالے سے بھارتی کرکٹ ٹیم اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ ان سے بھی معذرت کی جاسکے اور تحقیقات سے انہیں بھی آگاہ رکھا جاسکے۔خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اب پرتھ سے ایڈیلیڈ پہنچ چکی ہے جہاں وہ اپنا اگلا میچ بنگلادیش کیخلاف کھیلے گی۔

مزیدخبریں