(ویب ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارتی ٹیم کو یکے بعد دیگر ے شکست کا سامنا ہے جس کے باعث بھارت کی کرکٹ ٹیم پر بہت تنقید کی جا رہی ہے یہی نہیں بلکہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور ان کے خاندان کو دھمکیاں تک مل رہی ہیں۔
پاکستانی گلوکار علی ظفر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہم سبھی کو زندگی میں اچھے اور برے دنوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اسی صورتحال کا سامنا کرکٹرز اور ٹیموں کو بھی ہوتا ہے۔ ویرات کوہلی ایک بہترین کھلاڑی ہیں ان کی عزت کرنی چاہئے۔دنیا میں کسی کھلاڑی، ٹیم یا اس کے خاندان پر ذاتی حملے نہیں ہونے چاہئیں ۔شغل اپنی جگہ لیکن گفتگو حوصلہ افزا ہونی چاہئے۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو محمد شامی کے حق میں بات کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے محمد شامی کو ان کے مذہب کی بنیاد پر ٹارگٹ کرنے والے سوشل میڈیا صارفین پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے انہیں کمزور لوگ قرار دیا تھا۔ویرات کوہلی نے کہا تھا کہ ہم میدان میں کسی مقصد کے لیے کھیلتے ہیں۔ ہم سوشل میڈیا پر موجود ان کمزور لوگوں کی طرح نہیں جن کے اندر کسی کے سامنے آ کر بات کرنے کی ہمت نہیں۔
جب ویرات کوہلی نے اپنی بھارتی کرکٹ ٹیم کے رکن اورساتھی باؤلر محمد شامی کی حمایت میں ٹرولز کو جھاڑا تو انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی دس ماہ کی بیٹی اور بیوی انوشکا شرما کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی مل سکتی ہیں۔