راؤ دلشاد حسین: میگا ترقیاتی منصوبے ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پر عمل درآمد کرانے والی وزراء کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس طلب، میگا منصوبے کے فنانشل ماڈل، فزیبلٹی اور تکمیل سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
وزراء کمیٹی کا پہلا اجلاس وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منگل کو تین بجے طلب کیا گیا ہے۔ سیکرٹری وزراء کمیٹی، ڈی جی ایل ڈی اے عزیز احمد تارڈ نے وزراء، کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان اور ڈی سی لاہور کو مراسلہ جاری کردیا۔ وزراء کمیٹی میں وزیر خوراک عبدالعلیم خان، وزیر ہاؤسنگ ملک اسد کھوکھر، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس،صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کو اجلاس میں شرکت کے لئے مراسلہ ارسال کیا گیا۔
چیئرمین پی اینڈ ڈی عبداللہ خان سنبل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری ہاؤسنگ اجلاس میں شرکت کرینگے۔ وزراء کمیٹی کے اجلاس میں شہر کے میگا پروجیکٹ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کی تکمیل کے حوالے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
یاد رہے گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گلبرگ سے موٹروے ایم ٹو تک ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبے کی اصولی منظوری دی تھی۔ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کینال بینک روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، ملتان روڈ، بند روڈ سے بابو صابو تک بنے گی۔ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے سے لاہور کی تقریباً بڑی سڑکیں منسلک ہوں گی جبکہ بس کے لئے گزر گاہ بھی بنائی جائے گی۔