رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا عمل جاری

1 Nov, 2021 | 03:58 PM

M .SAJID .KHAN

(عثمان علیم)رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا عمل جاری، میئر لاہور مبشر جاوید نے تبلیغی مرکز کا دورہ کیا، پیچ ورکس، پارکنگ ، سٹریٹ لائٹس اور نکاسی آب سمیت دیگر انتظامات کو چیک کیا۔
 رائیونڈ میں بڑے تبلیغی اجتماع کے لیے تیاریاں جاری ہیں، میئر لاہور مبشر جاوید کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے لوگ اجتماع میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ رہے ہیں، جن کی سہولت کے لیے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے.

اجتماع دو مرحلوں چار سے 7 نومبر اور 11 سے 14 نومبر تک جاری رہے گا، تیاریوں کے حوالے سے پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے، اجتماع میں دس محکموں کے عارضی کیمپس ،ساڑھے چار سو لائٹ پول،پچاس جرنیٹر ،4سو سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے، کنٹرول روم اے سی رائیونڈ کے آفس میں فعال کیا جائے گا,افسران کو ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں.

ٹریفک پلان کا نقشہ جاری کیا جائے گا،حویلی روڈ سے رائیونڈ روڈ روہی نالہ ،پاجیاں چوک سے اجتماع چوک تک عارضی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، ڈینگی خطرات کے پیش نظر سپرے کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں.

چار سو سینٹری ورکرز ڈیوٹی دیں گے۔رائیونڈ روڈ کی پارکنگ ایریا میں ایک لاکھ گاڑیوں کی جگہ تیار کی جا رہی ہے، سول ڈیفنس ،ریسکیو، ایل ڈبلیو ایم سی ،لیسکو،واسا ،سوئی گیس،پی ٹی اے ،پولیس ،ایم سی ایل کے کیمپ فعال کئے جائیں گے۔

ایس پی صدر نے کہا  ہے کہ رائیونڈ اجتماع کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں،چار نومبر سے شروع ہونے والے اجتماع کے لئے لاہور پولیس کے 2ہزار سے زائد پولیس افسران واہلکار سکیورٹی پر تعینات کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں