خندقیں ختم، راستے کھل گئے

1 Nov, 2021 | 03:40 PM

Malik Sultan Awan

ویب ڈیسک : وزیرمملکت علی محمد خان  کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ کلئیر  ہے جبکہ مذہبی جماعت کا دھرنا جی ٹی روڈ سے کھلے گراؤنڈ میں منتقل ہوگیا ہے۔
 ذرائع کا کہنا ہے کہ دریائے جہلم پر چھوٹی گاڑیوں کے گزرنے کیلئے راستہ بنا دیا گیا تاہم سیکیورٹی کی بھاری نفری تاحال تعینات ہے جبکہ کھودی گئی گہری خندقوں کی بھرائی کا کام بھی شروع ہوگیا ہے۔سرائےعالمگیرمیں کھودی گئی خندق بھر دی گئی ہے۔ گجرات، وزیر آباد، جہلم سمیت کئی شہروں میں کاروبارِ زندگی  معمول پر آنے  لگی ہے۔
 تاہم موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز  بھی جزوی طور پر بحال ہونے لگی ہیں۔ راولپنڈی میں مری روڈ سے کنٹینر ہٹا دئیے گئے، فیض آباد جانے والے راستے بھی کھل گئے، اسلام آباد میں میٹرو سروس بھی بحال کر دی گئی ہے۔صدرسے فیض آباد تک ٹریفک بحال ہے۔
دریاے جہلم کے تینوں پلوں سے پولیس نفری کم کر دی گئی ہے۔ کنٹینرزاور رکاوٹیں ہٹانے کیلئے ہیوی مشینری پہنچ چکی ہے اور جی ٹی روڈ سے ملحقہ رکاوٹوں کو ہٹا نے کا سلسلہ جاری ہے۔
حکومت پاکستان اور مذہبی تنظیم کے مابین اعتماد باہمی کے ماحول میں تفصیلی مذاکرات کے بعد اتفاق رائے سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔معاہدے کی نگرانی کیلئے علی محمد خان کی سربراہی میں ایک اسٹیرنگ کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ وزیرقانون برائے پنجاب راجہ بشارت، سیکرٹری داخلہ، ہوم سیکرٹری پنجاب، مفتی غلام غوث بغدادی اور انجینر حفیظ اللہ قلبی بھی اس کا حصہ ہیں۔

مزیدخبریں