( فخر امام ) ہربنس پورہ کے علاقے میں نوجوان کا مبینہ اغوا اور تشدد، 21 سالہ واجد بابر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
متاثرہ نوجوان کی والدہ نے پولیس سٹیشن درخواست جمع کرا دی، والدہ کا کہنا ہے کہ دس روز قبل موبائل چھیننے پر جھگڑا ہوا تھا۔ ملزمان نے پہلے گھر پر فائرنگ کی، مقدمہ کے بعد صلح نہ کرنے پر بیٹے کو زبردستی اٹھا لیا اور نامعلوم جگہ لے کر پیسوں کا مطالبہ کیا۔ ملزمان کے مطالبے پر تیس ہزار روپیہ بھی ادا کیا اور پھر ملزمان نے بچے کو تشدد کے بعد پھینک دیا۔
متاثرہ نوجوان کی والدہ کے مطابق پولیس نے تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا، ملزمان ایس ایچ او کے سامنے فون پر دھمکیاں بھی دیتے رہے ہیں، تمام تر ثبوت کے باوجود ملزمان کو پکڑا نہیں جاسکا۔ ملزمان علاقے میں خوف کی علامت ہیں، جس کی وجہ سے پولیس ان کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی۔ متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب لاہور پولیس کے ایک اور نجی ٹارچر سیل کا انکشاف ہوا ہے۔ انچارج چوکی اڈا پلاٹ کا حویلی میں ٹارچر سیل پکڑا گیا، چوکی انچارج حیدر اور تھانیدار ساجد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔