(فخرامام) غالب مارکیٹ میں نجی ہوٹل میں فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج موصول کر لی گئی۔
ریسکیو کے مطابق ابتدائی طور پر ایمرجنسی کی کال موصول ہوئی۔مقامی افراد کا کہنا تھا کہ معاملہ لین دین کا ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح افراد کو ہوٹل میں گھستے دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعہ کے بعد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق تاحال واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، زخمیوں کی شناخت 27 سالہ چاند، 30 سالہ یاسین، 20 سالہ دانش، 20 سالہ حنان اور 28 سالہ شیرا کے نام سے ہوئی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں قتل، چوری، ڈکیتی، زہزانی جیسی متعدد وارداتوں نے عوام میں خوف پھیلا رکھا ہے جس سے خواتین اور بچے بھی غیر محفوظ ہیں،بروقت کارروائی تو کی جاتی مگر چند روز بعد ملزمان ضمانت پر رہا ہوجاتے ہیں اور پھر نئے سرے سے جرائم کی داستانیں رقم ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔
گزشتہ ماہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ہال روڈ کا تاجر قتل کردیا تھا، گھوڑے شاہ کا رہائشی محمد آ صف ہال روڈ میں اپنی دکان بند کرکے گھر جارہا تھا کہ مدینہ سنٹر کے قریب ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی تھی ۔ فائرنگ سے 45 سالہ آصف کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا،مگر جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے،تاہم لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب پولیس کی وردی میں ڈکیتی و راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں، جعلی شناخت ظاہر کرنے والوں کوقانون کے شکنجے میں لانے کے لئے ڈیٹا بیسڈ سکیورٹی فیچرڈ پولیس کارڈ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا، بائیو میٹرک حاضری کی بجائے کارڈسے حاضری بھی لگائی جائے گی۔