سٹی42: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت علامہ خادم حسین رضوی اور دیگر سے مسلسل رابطے میں ہے، شنید ہے کہ مظاہرے آج رات ختم ہوجائیں گے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان کے عوام سخت کرب کا شکار ہیں، وزیر مذہبی امور اور وفاقی حکومت نے معاملات کنٹرول کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج رات تک ملک میں جاری مظاہرے ختم ہونے کا امکان ہے، مظاہرین اور ان کے قائدین سے مذاکرات کے پانچ دور ہوچکے ہیں، اطلاعات ہیں کہ معاملات حل ہوچکے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مظاہرین کیخلاف گولی، لاٹھی اور آنسو گیس کا استعمال نہیں کیا۔ فیاض چوہان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 3 وکلا ہیں جو نظرثانی کی پٹیشن دائر کررہے ہیں، وکلا میں محمدعزیر چغتائی، غلام مصطفی چوہدری اور اظہر صدیق شامل ہیں۔ نظرثانی اپیل کا فیصلہ آنے تک استدعا کی جائے گی کہ آسیہ کا نام ای سی ایل میں ڈال دیاجائے، مذاکرات میں یہ سب طے ہوا ہے، جن سے مذاکرات ہوئے وہ اپنی پٹیشن دائر کریں گے۔