لاہور میں حالات کشیدہ، اہم شاہراہیں بند، شہری پریشان

1 Nov, 2018 | 01:06 PM

Sughra Afzal
Read more!

(سٹی 42)صوبائی دارالحکومت میں آج بھی حالات کشیدہ، اہم شاہراہیں اور موبائل فون سروس بند ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لاہور کے سرکاری ونجی تعلیمی ادارے ، مارکیٹیں اور پلازے بند ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق لاہورمیں احتجاج اور دھرنوں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کررہ گیا، اہم شاہراہیں، موبائل فون سروس، ایل ٹی سی اور میٹرو بس سروس بند ہونے سے بچے بڑے سبھی پریشان ہیں۔ ڈانڈا برادر نوجوان منٹگمری روڈ پر پہنچ گئے ہیں، جنہوں نے زبردستی دکانیں بند کروانا شروع کردیں۔

لاہور کی کون کونسی سڑکیں بند ہیں

ذرائع کے مطابق کچا جیل روڈ، چونگی امرسدھو، قرطبہ چوک، بھٹہ چوک، داتا دربار روڈ، داروغہ والا روڈ، آزادی فلائی اوور، شاہدرہ چوک بند ہے جبکہ بھوبتیاں چوک، شاہ کام چوک، کریم بلاک، غازی روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ،ہمدرد چوک،  پلی چوک ٹاؤن شپ سمیت دیگر شاہراہیں بند ہونے سے شہری پریشان ہیں۔

بیدیاں روڈ روہی نالہ پربھی سڑک بندہونے سے ٹریفک روانی متاثر ہے۔ مظاہرین نےبابو صابو انٹرچینج کو بندکردیاجس کی وجہ سے موٹروےمکمل بند ہوگئی. ڈنڈا برادر نوجوانوں نےکاہنہ کاچھافلائی اوور بھی بند کردیا۔

موبائل فون سروس کہاں کہاں بند ہے

 ادھر شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس آج بھی بند ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کے ایک دوسرے سے رابطے نہیں ہورہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے گزشتہ روز موبائل فون سروس بند کرنے کی ہدایت کی تھی ،اسی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے مال روڈ، جیل روڈ، بادامی باغ، موہنی روڈ ،لکشمی چوک، مال روڈ اور داتا دربار سمیت ملحقہ علاقوں میں آج بھی موبائل فون سروس معطل ہے۔

مسلم ٹاؤن، اندرون شہر، گڑھی شاہو، انار کلی، مزنگ، شاہ جمال، شادمان، اچھرہ، جیل روڈ، اسلام پورہ،راج گڑھ، ساندہ، بھگت پورہ، سمن آباد اور گلشن راوی کے علاقوں میں بھی موبائل سروس میسر نہیں۔

لاہور میں پٹرول نایاب ہوگیا

دوسری جانب جگہ جگہ سڑکوں کی بندش اور پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کی وجہ سے شہر کے بعض مقامات پر پٹرول نایاب ہوگیا۔ شہری پٹرول کی تلاش میں پمپوں پرخوار ہونےلگے۔

پٹرول کی قیمتیں بڑھنے پر شہریوں نے عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔ شہری کہتے ہیں کہ حکومت نے متوسط طبقے پر بوجھ ڈال دیاہے، پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیزمہنگی ہو جائے گی۔

تعلیمی ادارے بند ، پرچے ملتوی

علاوہ ازیں شہر میں ہنگامی صورتحال کے باعث لاہور کے 10 ہزار سے زائد سرکاری و پرائیوٹ سکول مکمل طور پر بند ہیں،   پنجاب یونیورسٹی ،یوایچ ایس،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے پرچے اورانٹرویو ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ سی ای او ایجوکیشن نسیم زاہدکا کہنا ے کہ سکولوں کو صرف ایک دن کی چھٹی دی گئی ہےمزید چھٹیاں دینے کا فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی جبکہ والدین کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے بند کرنا مسئلے کا حل نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کو گرین سگنل دیدیا

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مظاہرین کے خلاف آپریشن کرنے کیلئے  پولیس کو گرین سگنل دے دیا،انہوں نے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی،شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، ریاست یہ ذمہ داری فرض سمجھ کر ادا کرے گی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے روز مرہ کے معمولات میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،کاروبار زندگی کو رواں دواں رکھنے کیلئے ہرممکن اقدام کیا جائے،ٹریفک کی بندش سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے، ٹریفک کے متبادل روٹس کی تشہیر کی جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوسکیں۔

مزیدخبریں