محسن نقوی کی گورنرسندھ سے ملاقات، جرائم کیخلاف بلا تفریق اقدامات یقینی بنانے پر اتفاق

1 May, 2024 | 07:54 PM

ویب ڈیسک : گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن رضا نقوی کی گورنرہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ 

ملاقات میں ملک کی سیاسی و معاشی  صورتحال ، امن و امان کے قیام میں سیکورٹی اداروں کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ امن و امان کے قیام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، ساتھ ہی جرائم کے خلاف بلا تفریق اقدامات یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ 

 گورنرسندھ  کا کہنا تھا کہ جرائم کے خاتمہ کے لئے وفاق وصوبہ ایک پیج پر ہیں ۔شہر قائد سے اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لئے بھرپور  اقدامات ضروری ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے گورنر سندھ کے فلاحی اقدامات کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام  میں شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔

 گورنر سندھ کا محسن نقوی کے ہمراہ آئی ٹی مارکی کا دورہ؛ 

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ آئی ٹی مارکی کا دورہ کیا، جہاں پر طالب علموں نے بھرپور تالیاں بجا کر مہمان کا استقبال کیا۔ گورنر سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ نے طالب علموں سے خطاب بھی کیا۔  

گورنر سندھ کامران خان ٹسوری کا گورنر آئی ٹی انیشیٹو طلبہ سے خطاب؛ 

گورنر سندھ کامران خان ٹسوری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ گورنر آئی ٹی انیشیٹو طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت شکر گزار ہوں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی صاحب کا کہ آپ میرے بلانے پر یہاں تشریف لائے ، آپ نے بطورِ وزیر اعلیٰ پنجاب بہت اچھے کام کیے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ روز پہلے روزگار اسکیم سے متعلق پریس کانفرنس کی ۔ روزگار اسکیم سے آپ تمام طلبہ کے لیئے بھی ہے، آپ تمام طالب علم روزگار اسکیم سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ 

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ طالب علموں سے کہتا ہوں مایوس نہیں ہونا، ملک کے حالات جلد بہتر ہوں گے۔ ہمارے پاس عظیم اور بہادر سپہ سالار موجود ہے۔جو سرحدی دہشت گردی کے ساتھ معاشی دہشت گردی کا مقابلہ بھی کرہے ہیں۔گورنر اینیشیٹو کے تحت روزگار اسکیم شروع کی ہے۔ اسکیم کے تحت کاروبار شروع کرنے والے کو ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپیہ دیا جائے گا۔ 

گورنر سندھ  کا کہنا تھا کہ آرمی چیف حافظ جنرل عاصم منیر گرین پاکستان اسکیم کے لیئے متحرک ہے۔ ایس آئی ایف سی کے ایک بہترین منصوبہ ہے۔ ایس آئی ایف سی منصوبے کے ملک کو فائدہ ہوگا۔ 

وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی طلبہ سے گفتگو ؛ 

وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ کے ہمراہ طلبہ سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آئی ٹی کی مفت کلاسز کے حوالے سے بہت سنا ہے۔  گورنر سندھ کے فلاحی  اقدامات کا سنتے آیا ہوں آج یہاں دیکھنے کا موقع بھی مل رہا ہے۔ جو کسی نے نہیں کیا وہ گورنر صاحب نے کر دکھایا ، یہ کام گورنر سندھ ہی کرسکتے ہیں۔ آئی ٹی مارکی دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے۔ یہ ایسے کام ہیں جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ مجھے خوشی ہے اتنے بڑے پیمانے پر طلبہ آئی ٹی کورس سے استفادہ حاصل کررہے ہیں۔گورنر سندھ نے آئی ٹی مارکی کی صورت میں ایک چھوٹا شہر آباد کردیا ہے۔ آپ تمام طلبہ کو آئی ٹی کے شعبہ کے انتخاب پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

 محسن نقوی نے کہا کہ افسوس پاکستان آئی ٹی کی فیلڈ میں بہت پیچھے رہ گیا۔ ہمیں بہت پہلے یہ کام شروع کر دینا چاہیے تھا۔ یہی ایسا شعبہ ہے جو ملک کی معیشت چلا سکتا ہے، آئی ٹی کی بدولت پاکستان تیزی سے ترقی کرسکتا ہے۔

انہو ں نے مزید کہا کہ طالب علموں سے کہتا ہوں وہ دل لگا کر سیکھیں۔انشاءاللہ وہ بہت جلد آگے بڑھیں گے۔ میری دعا ہے اللہ پاک سب کو کامیاب کرے اور گورنر سندھ کو اس کام کا اجر دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہی ملک ترقی کرے گا۔ تعلیم کے حصول کے لیئے جدو جہد جاری رکھیں۔ 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا گورنر ہاؤس راشن ڈرائیو کا دورہ؛ 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر ہاؤس راشن ڈرائیو کا بھی دورہ کیا، جہاں گورنر سندھ نے وفاقی وزیر داخلہ راشن سکیم سے متعلق آگاہی دی۔ وفاقی وزیر کو گورنر سندھ نے راشن باکس میں فراہم کیئے جانے اشیاء کا معائینہ بھی کروایا ۔ راشن مارکی پہنچنے پر وہاں موجود لوگوں نے ہاتھ ہلا کر گورنر سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ کا استقبال کیا ۔ 

وفاقی وزیر داخلہ نے گورنر سندھ کے فلاحی اقدامات کو سراہا۔ 

مزیدخبریں