پورا یقین تھا کہ ایک دن اپنے ملک کا نام روشن کروں گا، فائٹرشاہ زیب رند

1 May, 2024 | 05:43 PM

سٹی42: پاکستانی فائٹر شاہ زیب رندکا کہنا ہے کہ اپنے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے میرے پاس  وسائل کی بہت کمی تھی لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری، آج میں جس مقام پر بھی ہوں اپنی محنت اور ماں کی دعاؤں کی بدولت ہوں ۔ 

بھارت کےکھلاڑی کراٹے کامبیٹ کو شکست دینے والے چیمپئن شاہ زیب رند کا تعلق صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے ہے . حال ہی میں شاہ زیب رند  نے 24 نیوز کے شو مارننگ ود فزا علی میں شرکت کی۔ 

انٹرویو کے دوران ہوسٹ فزا علی نے   مارشل آرٹسٹ شاہ زیب رند  کے خوابوں سے متعلق سوال کیا ، جس پر انہوں نے کہا کہ میرے خواب بہت بڑے تھے، لیکن جس علاقے سے میرا تعلق ہے وہاں ابھی ہر لحاظ سے ڈیویلپمنٹ نہیں ہوئی، اس لیے جب میں نے شروع کیا تو مجھے بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے میرے پاس وسائل کی کمی تھی۔ تاہم میں نے پوری لگن کے ساتھ محنت جاری رکھی، کیونکہ میں نے یہ سوچ ہمیشہ دل میں رکھی تھی انشااللہ ایک دن میرا ٹائم بھی آئے گا، اور میں بھی اپنے ملک کیلئے کچھ کروں گا، پوری دنیا میں اپنے وطن کا نام روشن کروں گا۔ 

شاہ زیب نے کہا کہ مجھے گھر والوں نے ہمیشہ ہر لحاض سے سپورٹ کیا ، آگر آج میں اس مقام پر کھڑا ہوں تو یہ صرف اپنے گھر والوں کی دعاؤں اور سپورٹ کی وجہ سے ہوں۔جب میں مقابلے کیلئے رنگ میں جاتا ہوں تو میری والدہ میرے لیے بہت دعائیں کرتی ہیں، اگر وہ دعائیں نہیں ہوتیں تو شاید میں آج اس مقام پر نہ ہوتا۔

انٹرویو کے دوران اینکر فزا علی کا چیمپئن شاہ زیب رند کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب میں نے میچ کے بعد آپ کی سلمان خان سے ملاقات والی وائرل ویڈیوز دیکھی تو میں نے ایک چیز نوٹ کی کہ اداکار سلمان خان خود بھی حیران ہوگئے تھے جب انہوں نے آپ سے کہا کہ تم کیا ہر بندے کو 20 سیکنڈ میں ہی رنگ سے آؤٹ کرو گے، یہ سلمان خان کی طرف سے آپ کی تعریف میں شاندار جملہ تھا۔

ہوسٹ فزا علی نےسوال کیا کہ آپ نے بنا وسائل کے اتنی اچھی ٹریننگ کیسے حاصل کی؟ اس سوال کے جواب میں شاہزیب نے کہا کہ ٹریننگ تو میں نے بلوچستان سے ہی شروع کی، اور اب میں کراچی میں ٹریننگ کررہا ہوں۔ یہاں پر جو کوچز ہیں وہ اس لیول کے کوچز نہیں ہیں اور ساتھ ہی آپ کے ساتھ ٹریننگ کرنے والے بھی اس لیول کے فائٹرز نہیں ہیں۔

شاہزیب نے بتایا کہ  میرا دل تھا کہ میں امریکا جاؤں اور وہاں ٹریننگ کروں ، کیونکہ وہاں پر ورلڈ کلاس فائٹرز اور کوچز موجود ہیں۔ میرا گول تھا کہ وہاں جاکر ان کے بہترین فائٹرز کے ساتھ ٹریننگ کروں، اس لیے میں نے محنت جاری رکھی، اور آپ جس چیز کو پانے کیلئے محنت کرتے ہو تو اللہ پاک آپ کے لیے راستے کھول دیتا ہے۔ خدا کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے میری محنت کا صلہ دیا، اور مجھے امریکا کے بیسٹ فائٹرز کے ساتھ ٹریننگ کرنے کا موقع ملا۔

انہوں نے بتایا کہ  شروع میں مجھے ٹریننگ کرتے ہوئے بہت مشکل ہوئی لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری، کیوں کہ مجھ میں وہاں پر پہنچنے کا جنون تھا۔ میں نے امریکا میں اچھی ٹریننگ کی ، وہاں بہت کچھ سیکھا اور الحمداللہ اب میرا (0-6 Undefeated) ریکارڈ ہے، اور میں نے 4 (Knockouts) کیے ہیں۔

جند روز قبل دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ مقابلوں میں پاکستانی فائٹرز شاہ زیب رند اور علی رضوان نے بھارتی حریفوں کو پہلے ہی راؤنڈز میں شکست دی تھی۔بعد ازاں مارشل آرٹسٹ شاہ زیب رند کی بولی وڈ اداکار سلمان خان سے بھی ملاقات ہوئی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئیں۔ملاقات کے دوران بولی وڈ اسٹار نےشاہ زیب کو گلے مل کر مبارک باد دی اور ایک الگ انداز میں ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تم کیا ہر بندے کو 20 سیکنڈ میں ہی رنگ سے آؤٹ کرو گے۔

مزیدخبریں