آریان خان نے اپنے والد کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ شیئر کردیا

1 May, 2023 | 06:15 PM

ویب ڈیسک : بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے بطور ہدایتکار اپنے والد کے ساتھ  کام کرنے کا پہلا تجربہ شیئر کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان کپڑوں کے برانڈ کی تشہیر میں بیٹے آریان خان کی مدد کرنے کے لیے خود برانڈ ایمبیسیڈر بنے ہیں اور اس طرح آریان خان کو پہلی بار اپنے والد کے ساتھ کام کرنے کا موقع بھی مل گیا۔آریان خان نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے سپرسٹار والد کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ "میرے والد کے ساتھ کام کرنا بالکل بھی مشکل نہیں ہے بلکہ وہ تو اپنے تجربے اور کام سے اپنی لگن کی وجہ سے دوسروں کے لیے بھی کام کو آسان بنا دیتے ہیں"۔

 انہوں نے کہا کہ"وہ سیٹ پر اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ سارا عملہ پر سکون رہے اور جب وہ سیٹ پر ساتھ ہوتے ہیں تو میں کام پر زیادہ توجہ دیتا ہوں"۔انہوں نے مزید بتایا کہ "والد نے میرے کپڑوں کے برانڈ کی تشہیر کے لیے اشتہار بنانے کے لیے مجھے اپنی رائے بھی دی بلکہ پروڈکشن ٹیم میں موجود ہر شخص نے ہی اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا کیونکہ فلم میکنگ میں ہمیشہ پوری ٹیم شامل ہوتی ہے، اس کام کو انفرادی طور پر نہیں کیا جاسکتا"۔

 آریان خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ"اگر والد کی رائے میری رائے سے مختلف ہو لیکن دونوں کی رائے ہی ٹھیک لگتی ہو تو ہم دونوں کی رائے پر غور کیا جاسکتا ہے"۔انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ "لیکن میرے پروڈیوسر کو یہ بات کوئی نہ بتائے"۔  واضح رہے کہ آریان خان نے امریکا کی ایک یونیورسٹی سے فائن آرٹس، سینما ٹک آرٹس، فلم اور ٹیلی ویڑن پروڈکشن میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔آریان خان کا اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے بلکہ وہ کیمرے کے پیچھے رہ کر ہی کام کرنا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں