بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

1 May, 2023 | 10:16 AM

Abdullah Nadeem

ویب ڈیسک: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، کراچی میں آج بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں گذشتہ شب بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو آج صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔لاہور میں شالامار،مغلپورہ،گڑھی شاہو،اسٹیشن،وحدت کالونی،مال روڈ،دھرمپورہ،نشتر،ماڈل ٹاؤن،ٹھوکر،لکشمی چوک،سمن آباد،چوبرجی،داتادربار،شاہدرہ،اعوان ٹاؤن سمیت لاہور کے مختلف حصوں میں بارش ہوئی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے۔شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 23 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔شہرِ قائد میں شمال مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 7 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے،جن میں نمی کا تناسب 77 فیصد ہے۔

ادھر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ طوفانی ہواؤں سے نظام زندگی سخت متاثر ہوا ہے۔ہرنائی، لورالائی، کوہ سلیمان رینج کے علاوہ چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ، نوشکی، زیارت، کیچ، گوادر، لسبیلہ مکران ڈویژن میں بارش ہوئی۔

دوسری جانب سندھ بلوچستان کی دو اہم قومی شاہراہوں کے شگاف مٹی سے بھر دیے گئے ہیں۔لسبیلہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ، اور بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر پھنسی لائٹ ٹریفک کو ریسکیو کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔سیلابی ریلوں سے ہرنائی پنجاب شاہراہ کے مختلف مقامات پر ٹریفک معطل ہے۔کیچ میں بارش کے بعد میرانی ڈیم بھرنے کے قریب پہنچ گیا، پانی کی سطح 243.70 فٹ ہوگئی ہے جبکہ میرانی ڈیم میں اسپل وے کی سطح 244 فٹ ہے۔

مزیدخبریں