(حافظ شہباز علی) پی سی بی کے سوشل میڈیا پر ڈریم اوپننگ جوڑی مقابلے میں سعید انور اور عامر سہیل کی جوڑی آج بھی مداحوں کی پسندیدہ ٹیسٹ اوپننگ جوڑی قرارپائی ،سعید انور کوسب سے بہترین اوپنر قراردیاگیا ۔
بیس برس گزرنے کے باوجود سعید انور ،عامر سہیل کی اوپننگ جوڑی کو آج بھی شائقین کرکٹ سے سب زیادہ پسند کرتے ہیں ۔90 کی دہائی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کرنے والے بائیں ہاتھ کے دو عظیم بلے باز سعید انور اور عامر سہیل آج بھی مداحوں کے دلوں پر راج کررہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈریم ٹیسٹ اوپننگ جوڑی میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والی جوڑی کو موجودہ کرکٹرز نے بھی خوب سراہا۔
دو روز تک فیس بک ، ٹویٹر اور انسٹا گرام پر جاری رہنے والی سرگرمی کو سوشل میڈیا کے 10 لاکھ صارفین نے دیکھا، قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ اور سابق کرکٹرز نے بھی مہم میں اپنے خوابوں کی پسندیدہ جوڑیوں کا انتخاب کیا۔
سابق کپتان سعید انور نے پاکستان کی جانب سے 55 ٹیسٹ میچوں میں 45 کے زائد کی اوسط سے 4052 رنز بنائے جبکہ عامر سہیل نے 47 ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 2823 رنز بنائے۔
اس سرگرمی میں مداحوں کی دوسری پسندیدہ جوڑی سعید انور اور ماجد خان کی رہی۔ سعید انور اور حنیف محمد تیسرے جبکہ سعید انور اور محمد حفیظ چوتھے ڈریم پیئرز قرار پائے۔اس سرگرمی میں سعید انور پاکستانی تاریخ کے سب سے کامیاب اوپنر قرار پائےہیں۔