لاک ڈاون کے باعث قومی کھیل ہاکی کی مشکلات میں اضافہ

1 May, 2020 | 04:02 PM

Shazia Bashir

حافظ شہبازعلی : کورونا وائرس اور لاک ڈاون کے باعث قومی کھیل ہاکی کی مشکلات میں اضافہ ہونے لگا، سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپئین آصف باجوہ کہتے ہیں کہ موجودہ صورت حال میں آنے والے دنوں میں بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

کروونا وائرس اور لاک ڈاون کے ملکی کھیلوں کی معاشی صورت حال پر بھی منفی اثرات مرتب ہونےلگے، گذشتہ کئی برس سے معاشی مشکلات کا شکار پاکستان ہاکی فیڈریشن کی معاشی مشکلات میں شدید اضافہ ہوگیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپئین آصف باجوہ نے ویڈیو لنک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث قومی اور بین الاقوامی ایونٹس ملتوی ہونے سے قومی ہاکی کھلاڑی بے روزگار ہو گئے ہیں اور آنے والے دنوں میں ہمیں مزید سخت چلینجز کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

سیکرٹری ہاکی فیڈریشن کا کہنا تھا کہ وائرس کے باعث جونئیر ایشیا کپ اور اذلان شاہ کپ سمیت قومی جونئیر و سینئر ٹیموں کے تمام غیر ملکی ٹورز ملتوی ہوگئے ہیں جبکہ حالات بہتر ہونے پر ڈومیسٹک کلینڈر بھی نئے سرے سے ترتیب دیں گے۔

سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ کھلاڑیوں کے آن لائن فٹنس پلان کا مقصد انہیں فٹنس کے لیے متحرک رکھنا ہے، دوسری جانب پاکستان ہاکی لیگ پر کام جاری ہے تاہم  لیگ کا اس سال انعقاد حالات پر منحصر ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے  اگست تک تمام قومی اور  بین الاقوامی سرگرمیاں ملتوی کردی ہیں, پی ایچ ایف شیڈول کے مطابق قومی جونئیر ہاکی ٹیم نے مئی کے پہلے ہفتے دورہ یورپ میں ہالینڈ ، جرمنی اور بیلجئیم کی جونئیر ٹیموں کے خلاف 12 میچز کھیلنا تھے جو کہ ان ممالک میں کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر ملتوی کردیئے گئے ہیں، جبکہ جون جولائی میں قومی ہاکی ٹیم کا دورہ یورپ بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے حالات نارمل ہونے کی صورت میں اگست سے پہلے قومی جو نئیر ٹیموں کے تربیتی کیمپ لگائے جاسکتے ہیں، تاہم اگست تک کوئی ڈومیسٹک ہاکی ایونٹ نہیں کروایا جائے گا۔

مزیدخبریں