(ملک اشرف) یوم مئی، مزدروں کےعالمی دن کے موقع پر لاہور ہائیکورٹ اور صوبہ بھر کی ماتحت عدالتیں آج بند رہیں گی۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد مزدوروں کے ساتھ یکجہتی اور ان کے معاشی ، معاشرتی اور سماجی حقوق کے لیے آوازبلند کرنا ہے، پاکستان میں اس دن کی مناسبت سے مزدور طبقہ ریلیاں نکال کر مظاہرہ کرتا ہے لیکن کورونا کے باعث اس سال ہر قسم کی ریلی نکالنے پر پابندی عائد ہے، یہی وجہ ہے کہ مزدوروں کا عالمی دن آج بغیر مظاہروں کے گزرے گا۔
آج لیبر ڈے کے موقع پر پاکستان بھر میں سٹیٹ بینک سمیت تمام بینکس ،کاروباری ومالیاتی ادارے ،سٹاک ایکس چینج بند ہیں، لاہور ہائیکورٹ اور اس کے علاقائی بنچز اور ماتحت عدالتوں میں بھی عام تعطیل ہے، یوم مئی کی چھٹی لاہور ہائیکورٹ کے چھٹیوں کے کلینڈر میں شامل ہے، ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں نے بھی وکلاء کو یوم مئی کی چھٹی بارے آگاہ کردیا
ذرائع کےمطابق 2 مئی کو ہفتے کے روز لاہور ہائیکورٹ میں معمول کے مطابق کیسز کی سماعت نہیں ہوتی، تین مئی کو اتوار کے روز چھٹی ہونے کے بعد وکلاء تین دن بعد پیر کے روز لاہور ہائیکورٹ آئیں گے۔
واضح رہے کہ یکم مئی 1886 میں امریکہ کے شہر شکاگو کی فیکٹریوں اور کارخانوں میں کام کرنے والے مزدوروں نے غیرانسانی اوقات کار اور اجرتوں میں اضافے جیسے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے پر امن جدوجہد کا آغاز کیا تھا۔1889 میں یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ ہوا تھا اور 1890 سے اس دن کو دنیا بھر میں منانے کا آغاز ہوا۔
یوم مزدور قومی سطح پر سب سے پہلے 1973ء میں پاکستان کے پہلے منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور اقتدار میں منایا گیا تھا۔