لوئر مال (عابد چودھری) پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے جہاں کوششیں جاری ہیں وہیں اس کے نئے کیسز بھی سامنے آرہے ہیں اور اب تک ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 16 ہزار 817 ہوگئی ہے جبکہ 385 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے پنجاب میں بھی پنجے گاڑ لیے ہیں، 47 روز میں صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6220 ہوگئی جبکہ 106 اموات ہوچکی ہیں، لاہور میں کورونا وائرس نے 1765 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، پنجاب میں 1850 افراد نے کورونا کو شکست دے دی، پولیس نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث لاک ڈاؤن میں تین گھنٹے کیلئے ناکوں پر سختی شروع کردی۔
ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید کے مطابق لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث شہریوں نے غیر ضروری سفر شروع کر دیا ہے جبکہ شہریوں کے غیر ضروری گھروں سے نکلنے کو کم کرنے کیلئے لاہور پولیس ناکوں پر 24 گھنٹے میں تین گھنٹے سختی کرےگی، صبح 10 سے 11، سہ پہر 4 سے 5 اور شام 5 اور رات 9 سے 10 بجے کے دوران ناکوں پر سختی کی جائے گی۔
رائے بابر سعید کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے 38 روز کے دوران 07 ہزار 305 گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کو خلاف ورزی پر بند کیا گیا جبکہ 4 ہزار 387 شہریوں سے غیر ضروری طور پر دوبارہ سڑکوں پر نہ آنے کے ضمانتی مچلکے لیے گئے، دفعہ 144 و دیگر قوانین توڑنے پر 2 ہزار 127 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا۔
واضح رہےکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں پنجاب حکومت نے 9 مئی تک توسیع کردی ہے، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 39 واں روز ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے، کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔