مغلپورہ ،منی پیٹرول پمپ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی

1 May, 2019 | 05:39 PM

Sughra Afzal

(فخر امام) مغلپورہ میں غیر قانونی طور پر قائم کردہ منی پیٹرول پمپ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی ، شعلوں نے ملحقہ دکان اور بجلی کے ٹرانسفارمر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، غیرقانونی منی پیٹرول پمپ کا مالک موقع سے فرار ہو گیا۔

مغلپورہ میں غیر قانونی طور پر قائم کردہ منی پیٹرول پمپ میں آگ بھڑک اٹھی، آگ کے باعث لیسکو کے 2 ٹرانسفارمر، بجلی کی تاریں اور ملحقہ دکان جل گئی، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے، کہتے ہیں گلیوں اور بازاروں میں لگے منی پیٹرول پمپ شہریوں اور رہائشیوں کے لیے خطرہ ہیں، دکانوں میں نصب غیر قانونی منی پیٹرول پمپ میں آگ لگنے جیسے واقعات معمول بن گئے ہیں، شہری بولے، متعلقہ انتظامیہ کوئی کارروائی نہیں کرتی کیونکہ منی پیٹرول پمپ مالکان پولیس اور انتظامیہ کو رشوت دیتے ہیں، حکومت غیر قانونی پیٹرول ایجنسوں کے خلاف کارروائی کرے۔

مغلپورہ پولیس کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے بعد مالک موقع سے فرار ہوگیا، لیسکو حکام کی طرف سے درخواست موصول ہونے پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

مزیدخبریں