شاہد ندیم: پنجاب حکومت کے تینوں پاور پلانٹس سے ٹیسٹنگ کی بنیاد پر بجلی کی پیداوار بند کر دی گئی، لیسکو کا شارٹ فال ایک ہزار میگاواٹ پہنچ گیا، شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ دورانیہ میں مزید اضافے کے خدشات پیدا ہو گئے۔ مختلف پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار بند ہو گئی ہے۔ حویلی بہادر شاہ،بھکھی اور بلوکی پاور پلانٹس کو ٹیسٹنگ کی بنیاد پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ نیوکلیئر چشمہ پاور پلانٹس سے بھی بجلی کی پیداواری بند ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ مجموعی طور پر 4 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے۔ لیسکو کا شارٹ فال 300 سے بڑھ کر 1000میگاواٹ تک جا پہنچا ہے۔کمپنی کے گرڈ سٹیشنز کو بند کر کے لوڈمینجمنٹ کا سلسلہ جاری ہے۔
علاوہ ازیں ترجمان پاور ڈویژن نے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عارضی طور پر لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے۔ صارفین کم سے کم بجلی استعمال کریں۔ تقسیم کار کمپنیاں صارفین کو لوڈشیڈنگ سے متعلق آگاہ کریں۔