یکم مئی سے بے خبرمحنت کشوں کو آج بھی مزدوری کی تلاش

1 May, 2018 | 12:59 PM

حرااعوان

سٹی 42: ہیں تلخ بہت بندہ مزدور کے اوقات ،لاہور سمیت ملک بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ، یوم مزدورپربھی مزدوروں کوپیٹ کی آگ بجھانے کی فکر۔ یکم مئی سے بے خبرمحنت کشوں کومزدوری کی تلاش ہے۔کہتے ہیں اُن کیلئےکسی نے آج تک کچھ نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق یوم مئی ویسے تومزدوروں کے عالمی دن کے طورپرمنایاجاتاہے۔اس دن مختلف جماعتیں اورغیرسرکاری تنظیمیں تقریبات اورریلیوں کااہتمام کرتی ہیں۔مگراس دن بھی مختلف چوک چوراہوں پرمزدوراپنے حقوق سے بے خبرصرف روزی کی تلاش میں نظرآتے ہیں۔

بوجھ اینٹوں کا بڑھا دو صاحب

میرے بچے نے آج ایک فرمائش کی ہے

بہت سے مزدوروں کوتواپنے حقوق تک کاعلم نہیں۔لاہورکاچوبرجی چوک ایسی جگہ ہے جہاں سارا دن مزدور مزدوری کی تلاش میں بیٹھے رہتے ہیں۔ یکم مئی کوبھی مزدوری کی آس لگائے بیٹھے ان بے بس افرادکی حالت زاران کی داستان غم سنارہی ہے۔آنکھیں ہرآنے جانے والے شخص پرلگی ہیں کہ شایدکوئی انہیں ساتھ لیجاکران کی روزی روٹی کاسبب بن جائے۔

حکومتی اقدامات سے نہ خوش ایک ایسے ہی مزدورنے اپنی داستان کچھ ایسے سنائی۔ مزدورجہاں پریشان ہیں وہیں اپناغصہ بھی نکالتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ عظیم الشان جلسوں،سڑکوں اورپلوں سے انہیں کیافائدہ۔ان کیلئے کسی نے آج تک کچھ بھی نہیں کیا۔حکمرانوں کوخود کانٹاچبھ جائے تولندن چلے جاتے ہیں۔مزدوربیمارہوتووہ کہاں جائے۔

یکم مئی مزدوروں کے حقوق کیلئے منانااچھی بات ہے مگراس کیساتھ ساتھ اگرکچھ عملی اقدامات بھی ہوجائیں توسڑکوں پربے بس طبقہ سارا سارا دن روزی کی تلاش میں بھٹکتا نظرنہ آئے۔

دوسری جانب یوم مئی کے حوالے سے جماعت اسلامی کی جانب سے مزدوروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں مزدورں کے حقوق کےلئے آواز بلند کی۔

مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے اقبال ٹاؤن میں جماعت اسلامی کی جانب سے مزدوروں کے اعزاز میں ناشتہ دیا گیا جس میں درجنوں مزدورں نے شرکت کی۔ انڈا چنے ، پراٹھے اور لسی سے مزدوروں کی تواضح کی گئی۔

سو جاتا ہے فٹ پاتھ پہ اخبار بچھا کے

مزدور کبھی نیند کی گولی نہیں کھاتا

اس دوران مزدوروں کو ٹی شرٹ اور روما ل بھی دئیے گئے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی مزدوروں کی جماعت ہے۔ملکی دولت کا زیادہ استعمال غریب اور مزدور طبقے کی فلاح پر خرچ ہونا چاہیے۔

علاوہ ازیں ہمدرد سنٹر میں ہمدرد ایمپلائز یونین ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام لیبر ڈے کی مناسبت سے سیمینارہوا۔لٹن روڈ سے مال روڈ تک ریلی بھی نکالی گئی۔

سیمینار میں چیئرمین آل پاکسان ٹریڈ یونین فیڈریشن سلطان خان،جنرل سیکرٹری آئمہ محمود،صدر ایمپلائز ویلفیئر یونین فضل واحد،باسط نعیم،چوہدری،عدنان قریشی اورثناء اللہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

سیمینار میں مزدوروں نے دنیا بھر کے مزدوروں کے حق کے لیے آواز بلند کی۔ جبکہ غربت،بے روزگاری،بدامنی اوراستحصالی نظام کے خاتمے کے لیے دنیا بھر کے محنت کشوں کے لیے ایک ہونے کا عزم دکھایا۔

اس موقع پر چیئرمین آل پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن سلطان خان کا کہنا تھا کہ مزدور پاکستان میں ہر بار اپنے حقوق کے لیے لڑتے ہیں مگر شائد انہیں معاشرے کا حصہ نہیں سمجھا جاتا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے اور ان کے الاونسز بڑھائے جائیں۔سمینار کے اختتام پر لٹن روڈ سے مال روڈ تک ریلی بھی نکالی گئی۔ جس پر خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کا مزدوروں کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ مزدور اللہ کا دوست، ملک کی قوت اور معاشرے کی شان ہے۔ مزدوروں اور محنت کشوں کی ترقی کے بغیر ملکی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جاسکتے۔  مزدوروں اور محنت کشوں کی ترقی کے بغیر ملکی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جاسکتے۔ معاشرے کی حالت اس وقت تک نہیں بدلی جاسکتی جب تک مزدور کی حالت نہ بدلی جائے۔ مزدور ملکی ترقی اور خوشحالی میں ریڈ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ان کی قوت ملک کو مضبوط بنانے میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔

مزدوروں کیلئے بہترین روزگار کی فراہمی،معیاری اجرت،صحت و سماجی تحفظ کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔ مزدور اپنے حقوق کی جدوجہد میں تنہا نہیں۔ میرے سمیت پوری مسلم لیگ ن ان کے شانہ بشانہ رہے گی۔ مزدور جمہوری نظام کی مضبوطی میں متحرک کردار ادا کرکے معاشرے کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ حکومت مزدوروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی یقینی بنائے۔

مزیدخبریں