ویب ڈیسک : بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں نیا حکم جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق 15 سال سے زائد پرانی گاڑی میں یکم اپریل سے پیٹرول نہیں بھروایا جاسکے گا۔
بھارتی وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت تمام پیٹرول پمپس پر ایسے آلات نصب کرے گی جو 15 سال سے پرانی گاڑیوں کی شناخت کرسکیں گے۔
فضائی آلودگی پر قابو پانے کےلیے نئی دہلی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 15 سال سے پرانی گاڑیاں 31 مارچ کے بعد دارالحکومت کے پیٹرول پمپس سے ایندھن نہیں بھروا سکیں گی۔
واضح رہے کہ نئی دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) میں پہلے ہی پالیسی نافذ ہے کہ 10 سال سے پرانی ڈیزل گاڑیاں اور 15 سال سے پرانی پیٹرول گاڑیاں سڑکوں پر چلانے کی اجازت نہیں ہے۔ 2021 میں جاری کردہ ایک ہدایت نامے نے اس قانون کو مزید سخت کردیا تھا جس کے تحت یکم جنوری 2022 کے بعد خلاف ورزی کے مرتکب افراد کی گاڑیاں ضبط کر کے کباڑ خانے بھیجنے کا حکم دیا گیا تھا۔