ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کو بلاک بسٹر فلم ’قلی‘ کے سیٹ پر گہری چوٹ لگنے کے بعد 'طبی لحاظ سے مردہ' قرار دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن کو 1982 میں بننے والی مشہور فلم 'قلی' میں شوٹنگ کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے، فلم قلی کے ڈائریکٹر منموہن دیسائی اور رائٹر قادر خان تھے جس میں امیتابھ بچن نے ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے قلی کا کردار ادا کیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے دوران امیتابھ اور اداکار پونیت اسر کی لڑائی کا سین فلمایا جارہا تھا کہ اسی دوران ایک غلط جمپ لگانے کی وجہ سے بگ بی کو میز کا کونا لگ گیا اور وہ شدید اندرونی چوٹ کا شکار ہوگئے، انہیں اندرونی طور پر خون بہہ رہا تھا جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا لیکن جلد ہی ان صورت حال نازک ہوگئی۔
اداکار ہ و میزبان سمی گریوال کو دیے گئے انٹرویو میں امیتابھ بچن نے اس واقعے کو یاد کرتے بتایا تھا کہ’میں کوما میں تھا، حادثے میں میری آنت پھٹ گئی تھی اور میری فوری طور پر سرجری کی گئی، اس کے 5 دن بعد مجھے ممبئی لے جایا گیا جہاں میری ایک اور سرجری کی گئی اسی وقت ڈاکٹر نے مجھے طبی لحاظ سے مردہ قرار دے دیا کیونکہ میری سانسیں رک گئی تھیں اور بی پی تقریباً صفر تک گر گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس کے بعد بھی بگ بی کو متعدد سرجریوں سے گزرنا پڑا جب کہ اداکار اس حادثے میں مبینہ طور پر تقریباً 75 فیصد جسمانی طاقت کھو چکے تھے اور اس وقت ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کی عمر صرف 6 سال تھی۔