کراچی میں بارش، بعض علاقوں میں ایک انچ موٹے اولے پڑ گئے

1 Mar, 2024 | 09:57 PM

سٹی42:  کراچی میں بارش کی ایمرجنسی اور مئیر مرتضی وہاب کے سخت حفاظتی انتظامات کے دوران آج دوپہر واقعی موسلا دھار بارش برسنا شروع ہو گئی اور شہر کے بعض علاقوں میں ایک انچ موٹے نوکیلے اولے بھی برس پڑے تاہم شہر مجموعی طور پر کسی نقصان سے بچ گیا۔

کراچی شہر  کے علاقہ  گڈاپ ٹاؤن میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوتی رہی تاہم اس سے شہریوں کو کسی نقصان کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

جمعرات کو ہی کراچی کے مئیر مرتضیٰ وہاب نے شہریوں کو شدید بارش کی پیش گوئی کے باعث اپنی نقل و حرکت محدود کرنے کی تنبیہ کر دی تھی۔ اس کے ایک دن بعد، کراچی کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے کہیں موسلا دھار، کہیں مدھم بارش ہوتی رہی۔

آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، سرجانی ٹاؤن، ملیر، نارتھ کراچی، کورنگی انڈسٹریل ایریا، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، منگھوپیر، ناردرن بائی پاس اور سہراب گوٹھ ٹاؤن  سمیت کئی علاقوں میں زیادہ جم کر مینہہ برسا۔ 

کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے کراچی کے شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لیے شہری انتظامیہ کو پہلے سے تیار کر رکھا تھا۔ 

نشیبی علاقوں میں جمع بارش کا پانی نکالنے کے لئے  تمام دستیاب ڈسپوزل پمپوں کے ساتھ  نشیبی سڑکوں سے پانی ٹینکروں میں ڈالنے کے لئے 53 سکشن گاڑیوں کو آج جمعہ کے روز بارش کے دوران متحرک رکھا گیا۔ 

شہر کے میئر ن مرتضیٰ وہاب نے ٹریفک پولیس کے علاوہ وارڈنز کو بھی بڑی شاہراہوں پر ضرورت سے زیادہ تعداد میں تعینات کئے رکھا  تاکہ بارش کے دوران ٹریفک کے بہاؤ  میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

فلائٹ آپریشنز میں جزوی تعطل

آج شہر میں موسلا دھار بارش سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا۔ اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 368 ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔ اسلام آباد کی ایک اور پرواز پی کے 308 بھی ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی۔ ملتان جانے والی پرواز PK-330 تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوگی۔ شدید بارش کی وجہ سے پشاور جانے والی پرواز کو 2 گھنٹے سے زائد تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

جدہ سے آنے والی نجی ایئرلائن کی ایک اور پرواز کو موسم کی خرابی کے باعث ایک گھنٹہ تاخیر سے کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔

بارش کی ہنگامی حالت کا نفاذ

سندھ حکومت نے جمعرات کو  شہر میں رین ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا اور فیصلہ کیا تھا کہ کراچی میں آج آدھے دن کے لیے دفاتر کھلے رہیں گے، ممکنہ شدید بارشوں کی پیش گوئی کو دیکھتے ہوئےصوبائی حکومت نے آج سکولوں میں شام کی کلاسز بھی منسوخ کر دی تھیں۔ تمام نجی اور سرکاری شام کی شفٹ کےاسکول بند رہے۔

کراچی کے میئر نے شہریوں سے بھی درخواست کی تھی کہ وہ غیرضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی قسم کی تکلیف سے بچا جا سکے۔

گڈاپ میں مزید بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کراچی کے گڈاپ، سرجانی اور ملیر میں مزید بارش کا امکان ہے۔وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ آج رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے بعد ایک مختصر دورانیہ کے لیے سردی کی لہر کراچی کو لپیٹ میں لے گی اور شہر کا ٹمپریچر  10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی توقع ہے۔

آج بجلی کا نظام کام کرتا رہا

کراچی میں دن بھر وقفے وقفے سے بارش کے درمیان بجلی کی فراہمی مستحکم رہی۔ کے الیکٹرک  نے ایک بیان میں کہا کہ کے ای کی ٹیمیں صورتحال کی نگرانی کرتی رہیں جبکہ فیلڈ ٹیمیں کسی بھی خرابی کو دور کرنے کے لیے موجود رہیں۔

"ایمرجنسی سیفٹی پروٹوکول کے مطابق، جن نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ ہے اور جن علاقوں میںتاروں پر  کنڈے ڈالنے کی شرح زیادہ ہے، ان علاقوں کو بارش کے دوران بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ تمام الیکٹریکل انفراسٹرکچر سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے احتیاط برتتے رہیں اور گیلے ہاتھوں یا پیروں کے ساتھ ساتھ بارش کی زد میں آنے والے آلات جیسے پانی کی موٹروں کے استعمال سے گریز کریں۔

دن بھر کی بارش کا ریکارڈ
جمعہ اور  ہفتہ کی درمیانی شب کراچی میں شاہراہ پاکستان پر بارش کا سلسلہ جاری  تھا اور  عائشہ منزل اور ایف بی ایریا میں بارش کا سلسلہ جاری ہونے کی اطلاعات تھیں۔ 

سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس فیصل(شاہراہ فیصل) پر14ملی میٹرریکارڈ ہوئی، کیماڑی میں 13ملی میٹر،ناظم آباد 12.5ملی میٹر،سرجانی ٹاون 12.4ملی میٹر،سعدی ٹاون 12ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی، اورنگی ٹاون 9.7ملی میٹر،ڈی ایچ اے 9.5ملی میٹر،گڈاپ ٹاون 7.9ملی میٹربارش ریکارڈ، پی اے ایف بیس مسرور(ماڑی پور)اورقائد آباد7.5ملی میٹر،گلشن حدیداوراولڈ ائیرپورٹ پر7 میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ  جناح ٹرمینل 6.4ملی میٹر،کورنگی 6.3ملی میٹر،ملیر6ملی میٹراوریونیورسٹی روڈ پر5.7ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

مزیدخبریں