ڈی سی اسلام آباد کا توہین عدالت کیس میں سزا کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

1 Mar, 2024 | 01:09 PM

Ansa Awais

سٹی 42 : ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

 تفصیلات کے مطابق ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن اور دیگر نے توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن اور ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر نے بائیو میٹرک کروا لیا۔ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن اور دیگر کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل آج ہی دائر کئے جانے کا امکان ہے۔

 خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج شہریار آفریدی کی گرفتاری کیلئے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر توہینِ عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 6 ماہ قید کی سزا سنا دی،شہر یار آفریدی کی گرفتاری کیلئے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کے خلاف توہین عدالت کیس قائم ہوا تھا۔

 اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی فیصلے کی کاپی وزیرِ اعظم پاکستان کو بھجوانے کی ہدایت بھی کر دی،عدالتِ عالیہ نے اپیل کے لیے وقت دیتے ہوئے ایک ماہ تک سزا معطل بھی کر دی،اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن 1 ماہ کے دوران فیصلے کے خلاف اپیل فائل کریں، 1 ماہ تک اگر عدالت سے فیصلہ معطل نہ ہوا تو انہیں جیل بھجوایا جائے۔

 عدالتِ عالیہ کی جانب سے ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کو 6 ماہ قید کے ساتھ 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا بھی حکم سنایا گیا ہے،اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسی معاملے پر ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کو 4 ماہ قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا جبکہ ایس ایچ او تھانہ کوہسار کو 2 ماہ قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے۔
 

مزیدخبریں