ویب ڈیسک : پنجاب حکومت نے پہلی بار سرکاری سطح پرٹیسٹ ٹیوب بے بی کی سہولت مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے يہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔
وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ لاہور کے ماں بچہ اسپتال میں پہلی بار ایسے ڈیپارٹمنٹس بنائے گئے ہیں جہاں جون سے سرکاری سطح پر مذکورہ سہولیات دستیاب ہوں گی۔
پیدائش سے پہلے بچوں میں ذہنی و جسمانی مسائل کی مفت تشخیص ہوگی جبکہ حمل کے دوران مختلف بیماریوں کی تشخیص کيلئے بھی سینٹر ہوگا۔
نجی سیکٹر کے تحت ٹیسٹ ٹیوب سے پیدائش کی سہولت پر لاکھوں روپے کی لاگت آتی ہے لیکن حکومت پنجاب کے تحت اب ٹیسٹ ٹیوب بے بی کی سہولت مفت دی جائے گی۔
پاکستان میں بانجھ پن کے علاج کے لیے آئی وی ایف کا آغاز 1984 میں ہوا تاہم سنہ 1989 میں پاکستان کے پہلے ٹیسٹ ٹیوب بچے کی پیدائش کو ممکن بنایا گیا۔
پاکستان میں نجی سیکٹر کے تحت آئی وی ایف سے سالانہ ہزاروں بچے پیدا ہوتے ہیں،پرائیویٹ سیکٹر میں اس پر لاکھوں روپے کی لاگت آتی ہے تاہم ملک میں پہلی بار اب سرکاری سطح پر اس سہولت کی مفت فراہمی کا اعلان کردیا گیا۔