(جنید ریاض)نئے تعلیمی سال کا آغاز یکم اگست سے، اختتام مارچ 2022 میں ہوگا، محکمہ سکول ایجوکیشن نے وضاحتی نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورسمیت صوبہ بھر کے سکولوں میں نیا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع ہوگا۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق نئے سال کا دورانیہ یکم اگست 2021 سے لیکر31 مارچ 2022تک ہوگا۔ نیا تعلیمی سال کورونا کے باعث 8 ماہ کا ہوگا۔ مذکورہ فیصلہ صوبائی وزراء کانفرنس میں کیا گیا۔ صوبائی وزراء کانفرنس 26 فروری کومنعقد ہوئی تھی۔
قبل ازیں وفاق نے اس حوالے سے فیصلہ کرتے ہوئےتعلیمی سیشن 21-2020 کا کیلنڈر جاری کیا، وفاقی حکومت نے طلبا کے پڑھائی کو مزید نقصان سے بچانے کے لئے اہم اعلان کیاتھا جس میں نئے تعلیمی سال بارے بتایاگیا کہ وفاق کےتعلیمی اداروں میں نیا تعلیمی سال 2اگست سے شروع ہو گا،موسم گرما کی چھٹیاں کم کر کے ایک ماہ کر دی گئی ہیں۔وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے لئےتعلیمی سیشن 21-2020 کا کیلنڈر جاری کردیا گیا۔
وفاق کی جانب سے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس کے مطابق موسم گرماکی چھٹیاں 2 سے 31جولائی 2021تک ہوں گی جبکہ 5 ویں اور 8ویں کے مرکزی امتحانات 18سے 31مئی تک اور پہلی سے چوتھی، چھٹی ، ساتویں کےامتحانات یکم سے 15جون تک ہوں گے، 5 ویں اور8ویں کےمرکزی امتحانات کے نتائج کا اعلان30جون اور پہلی سے چوتھی ،چھٹی ساتویں کے امتحانات کےنتائج کااعلان یکم جولائی کو ہوگا۔
واضح رہے ملک بھر میں یکم فروری سے سکولز میں پرائمری سے مڈل تک کلاسوں کا آغاز ہوا تھا، تمام ادارے 50 فیصد طلبا کو بلایا گیا تھا،وزیرتعلیم شفقت محمود نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام صوبوں کےوزراءیکم فروری سےتعلیمی ادارے کھولنے پر متفق ہیں، ہم نے امتحانات اورتعلیمی سال کوبھی آگے بڑھا دیا ہے۔