سٹی 42: پی ایس ایل 6 میں ملتان سلطانز ٹیم میں شامل ہونے والے لاڑکانہ سے تعلق فاسٹ باؤلر شاہنواز ڈھانی کے لیے کانٹوں بھرے گاؤں کے میدان سے فرسٹ کلاس کرکٹ تک کا سفر آسان نہیں تھا شاہنواز ڈھانی کو جی تھری نام سے جانا جاتا ہے۔
فاسٹ باؤلر شاہنواز ڈھانی کا تعلق لاڑکانہ کے گاؤں کھاوڑ خان ڈھانی سے ہے، گاؤں کی کچی مٹی کے کانٹوں بھرے میدان پر اینٹیں رکھ کر اسٹمپ بنانے اور پچ کو خود تمام ساتھی کھلاڑیوں کیلئے جھاڑو لگا کر صاف کرنے سے انہوں نے اپنے کھیل کا آغاز کیا، شاہنواز ڈھانی کی تیز رفتار باؤلنگ کے باعث علاقہ مکین انہیں " جی تھری" کے نام سے بلانے لگے۔
شاہنواز متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک کسان کے بیٹے ہیں، ان کے مرحوم والد ہمیشہ ان کی کرکٹ کی مخالفت کرکے انہیں پڑھ لکھ کر سرکاری نوکری حاصل کرنے کیلئے کہتے رہے لیکن والد کی وفات کے بعد پولیس اہلکار ان کے بڑے بھائی نے انہیں مکمل سپورٹ کیا جس کے باعث شاہنواز ڈھانی اپنا خواب پورا کر سکے۔
آج شاہنواز ڈھانی کے گاؤں کے لوگ ان کا میچ دیکھنے کیلئے خاص اہتمام کرتے ہیں اور اپنے ساتھی کو ٹی وی اسکرین پر دنیا کے معروف کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتا دیکھ کر فخر محسوس کرتے ہیں۔
شاہنواز ڈھانی نے لاڑکانہ کے الشھباز کرکٹ کلب سے کھیل کر مقامی سطح پر اپنا لوہا منوایا اور اب وہ پی ایس ایل میں پہلی بار بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ اپنی منزل کے سفر پر رواں دواں ہیں شاہنواز ڈھانی نے ثابت کیا کہ ارادے پختہ ہوں تو منزل تک کے سفر میں حائل مشکلات کبھی حوصلہ پست نہیں کر سکتیں۔