حکومت کا ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا فیصلہ

1 Mar, 2021 | 01:54 PM

Arslan Sheikh

علی رامے: عوام کو کورونا وبا کے باعث دی گئی ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تیاریاں، محکمہ خزانہ پنجاب نے صوبائی اداروں سے نئے مالی سال میں ٹیکس چھوٹ ختم کرنے اور نئے اہداف بارے رائے مانگ لی۔

رواں سال کورونا وبا کے باعث کاروبار متاثر اور لوگ بے روز گار ہوئے تو پنجاب حکومت نے عوام پر شرح ٹیکس میں کمی کی، پنجاب حکومت نے صوبائی ذرائع آمدن کے اہداف میں براہ راست 56 ارب روپے سے زائد کی ٹیکس چھوٹ دی تھی، اب یہ ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کے حوالے سے محکمہ خزانہ پنجاب لائحہ عمل طے کرے گا اور اس سلسلہ میں ذرائع آمدن والے صوبائی ادارے اپنی تجاویز محکمہ خزانہ پنجاب کو ارسال کریں گے۔

صوبائی ادارے رواں سال میں ذرائع آمدن کے اہداف میں بہتری اور شرح ٹیکس بڑھانے پر بھی رپورٹ دیں گے۔ دوسری جانب ترجمان محکمہ خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس چھوٹ صرف ایک سال کے لیے ہی دی گئی تھی۔ آئندہ نئے مالی سال میں ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا معاملہ کیبنٹ کمیٹی برائے خزانہ میں بھیجا جارہا ہے۔

ترجمان محکمہ خزانہ کا کہنا تھا کہ رواں سال پنجاب حکومت نے صوبائی ذرائع آمدن میں اپنے مقررہ اہداف مکمل کیے ہیں اور آئندہ مالی سال میں رواں سال کے مقررہ اہداف کو مد نظر رکھ کر عوام کے حق میں بہتری کا فیصلہ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں