بٹ کوائن خریدنے والوں کو بل گیٹس کا مفید مشورہ

1 Mar, 2021 | 12:06 AM

Malik Sultan Awan

سٹی 42:جب تک آپ دنیا کے امیر ترین شخص نہ ہوں، اس وقت تک ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کو خریدنے سے گریز کریں۔ یہ پیغام دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے ایک انٹرویو میں دیا۔

بل گیٹس کا کہنا ہے کہ یہ کرنسی ایسی سرمایہ کاری نہیں جو عام افراد کو کرنی چاہئے جبکہ یہ ماحولیات کے لئے بھی نقصان دہ ہے کیونکہ اس کی مائننگ کے لئے بہت زیادہ توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔بلومبرگ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بل گیٹس نے کہا 'ایلون کے پاس بہت زیادہ پیسے ہیں اور وہ بہت زیادہ ہوشیار ہیں، تو مجھے فکر نہیں کہ ان کے بٹ کوائنز کی قیمت اوپر نیچے ہوتی رہے۔

 انہوں نے کہا میرا تو ماننا ہے کہ اگر آپ کے پاس ایلون مسک سے کم دولت ہے تو آپ کو بٹ کوائن خریدنا نہیں چاہئے،انہوں نے کہا ایک سال کے دوران بٹ کوائن کی قدر میں 400 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا اور 58 ہزار ڈالرز کی حد تک بھی پہنچی مگر اب گر کر 45 ہزار ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔تاہم دنیا میں اس ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے لوگوں کی دلچسپی بڑھی ہے۔ ٹیسلا اور اسپیس ایکسس کے بانی ایلون مسک نے اپنی کمپنی کے ذریعے بٹ کوائن میں ڈیڑھ ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی اور ان کا کہنا تھا کہ بٹ کوائن کو جلد ادائیگیوں کے لئے قبول کیا جائے گا۔

 فروری میں ہی وال اسٹریٹ جرنل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بل گیٹس سے پوچھا گیا تھا کہ دنیا میں ایسی کونسی ٹیکنالوجی ہے جس کے بغیر لوگ زندہ رہ سکتے ہیں اور ان کا جواب تھا کرپٹوکرنسی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح آج کی دنیا میں کرپٹوکرنسی کام کرتی ہے، اس سے مخصوص مجرمانہ سرگرمیوں کا موقع ملتا ہے اور بہتر ہے کہ اس سے نجات حاصل کرلی جائے ۔وال اسٹریٹ جرنل کے ساتھ سی این بی سی کو بھی بل گیٹس نے ایک انٹرویو دیا۔

اس انٹرویو میں بل گیٹس سے کرپٹو کرنسی کے بارے میں موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں سوال پوچھا گیا، کیونکہ یہ ڈیجیٹل کرنسیاں بہت زیادہ توانائی استعمال کرتی ہیں۔تاہم اس موقع پر بل گیٹس نے کہا کہ بٹ کوائن کے حوالے سے ان کا مو¿قف 'غیرجانبدارانہ' ہے۔انہوں نے کہا 'میرے پاس بٹ کوائن نہیں اور اس حوالے سے میرا نکتہ نظر غیرجانبدارانہ ہے'انہوں نے مزید کہا ' بٹ کوائن اوپر اور نیچے جاسکتے ہیں کیونکہ اس کا انحصار کرنسی کے حوالے سے لوگوں کے خیالات پر ہے، اور میں پیش گوئی نہیں کرسکتا کہ یہ کس طرح پیشرفت کرے گی۔

مزیدخبریں