( بسام سلطان ) شہر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں کمی نہ آسکی، گزشتہ 48 گھنٹوں میں 18 افراد کو آوارہ کتوں نے کاٹ لیا۔
شہر میں آوارہ کتوں کی بھرمار کی وجہ سے کتے کاٹنے کے واقعات مسلسل رونما ہورہے ہیں جس سے شہری دہشت زدہ ہیں۔ آوارہ کتوں کے کاٹے متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقوں میں کتوں کو تلف کرنے کی مہم غیر موثر ہونے کی وجہ سے کتے کاٹنے کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کتوں کو تلف کرنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔
ضلعی انتظامیہ کتوں کی تلفی اور محکمہ صحت کتوں کی ویکسینیشن میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں میں شہر کے 18 افراد کو آوارہ کتوں نے کاٹ لیا۔ زیادہ تر متاثرہ افراد کو گورنمنٹ ہسپتال شاہدرہ میں ویکسی نیشن سمیت علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ رواں برس کے دوران اب تک شہر میں کتوں کے کاٹنے کے تین ہزار 8 سو سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔