جمال الدین؛ انسداد دہشتگردی عدالت نے لاہور کے علاقہ ڈیفینس میں ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے چھ افراد کی ہلاکت کے مقدمہ میں کم عمر کار ڈرائیور ملزم افنان شفقت کی ضمانت کی در خواست مسترد کر دی۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد ملزم کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر ہفتہ کے روز فیصلہ سنایا۔
قانونی حلقوں میں آج ملزم افنان شفقت کی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کو ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے چھ افراد کی ہلاکت کے مقدمہ میں بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج خالد ارشد نے ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا۔ ملزم لاہور کی جیل میں قید ہے۔ اس کے وکلان نے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔
چھ افراد کی ہلاکت کیس میں ملزمان کیخلاف ٹرائل شروع ہوچکا ہے۔ پراسیکیوشن نے کم عمر ملزم افنان سمیت5 ملزمان کیخلاف چالان جمع کرا رکھا ہے۔ ملزم افنان کے والد اور دوستوں کو بھی چالان میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
افنان،شفقت علی،علی عبداللہ، محمد سعد اورمحمد ابراہیم کو دانستہ کار سے ٹکر مار کر چھ افراد کو ہلاک کرنے کا گناہگار قرار دیا گیا ہے۔ چالان کے مطابق ملزم افنان اوراس کے دوستوں نے جاں بحق ہونیوالی خواتین سے چھیڑ چھاڑ بھی کی تھی۔ ملزم شفقت اعوان نے کم عمر بیٹے کو ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے کے باوجود گاڑی کی چابی دی تھی۔