واسا نے لاہور میں برسات سے نمٹنے کے لئے بڑے پیمانہ پر تیاریاں شروع کر دیں

1 Jun, 2024 | 10:00 PM

دُرِ نایاب:   واسا نے برسات کا  موسم آنے سے پہلے ہی شہر میں برسات کے پانی سے نمٹنے کیلئے ڈی سلٹنگ، 20 مقامات پر ایمرجنسی کیمپ لگانے اور  بارش کا پانی بروقت نکالنے کے انتظامات کے لئے اہم فیصلے کر لئے۔ 

واسا کا اہم اجلاس ہفتہ کے روز ایم ڈی واسا غفران احمد کی  صدارت میں ہوا جس میں تمام  آپریشن ڈائریکٹرز ، انجینئرنگ اور ریونیو ونگ کے افسر شریک ہوئے۔ 
اجلاس میں مون سون کی بارشوں کے پانی  سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

نالوں اور ڈرین لائنوں کی ڈی سلٹنگ کے آپریشنز

 ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ برسات شروع ہونے سے پہلے ڈی سلٹنگ آپریشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔ تمام ڈیسلٹنگ آپریشنز کے  شیڈول بنانے اورعمل درآمد میں عوامی نمائندوں کو شامل رکھا جائے۔ تمام ڈرینز ،سیوریج لائنز کی ڈیسلٹنگ شیڈول جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔  تمام پلوں کے نیچے سے خصوصی صفائی کروائی جائے اور تمام روڈ سائیڈز ڈرینز کو بھی مکمل صاف رکھا جائے۔ 

ایم ڈی نے تمام ڈسپوزل سٹیشنز کے ویلز کی خصوصی ڈی سلٹنگ کروانے  کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کی تیاریوں میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

20 مون سون ایمرجنسی کیپمس کا قیام
ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ 15 جون تک شہر میں 20 مقامات پر مون سون ایمرجنسی کیمپس کی تنصیب کے انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں۔
لکشمی چوک، جی پی او چوک ،شیرانوالہ گیٹ میں مون سون ایمرجنسی کیمپس بنائےجائیں گے۔ کوپر روڈ،قرطبہ چوک و رسول پارک، دبئی چوک، نابھہ روڈ، فردوس مارکیٹ میں  بھی مون سون ایمرجنسی کیمپس فعال کیے جائیں گے۔ اِک موریہ پل،چوک ناخدا، بھاٹی گیٹ، ٹکہ چوک، جوہر ٹاؤن میں بھی  ایمرجنسی کیمپس بنیں گے۔ 
ایم ڈی واسا نے بتایا کہ الحمد کالونی،عثمان بلاک ،باغیچی سیٹھاں، جناح ہسپتال ،بی بلاک تاجپورہ، اللہ ہو چوک ،ایل ایم پی ڈسپوزل  پر بھی مون سون ایمرجنسی کیمپس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

ایم ڈی واسا نے  تمام ڈائریکٹرز سےڈی سیلٹنگ، ڈسپوزل اسٹیشنز  اور ضروری مشینری کے متعلق رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے تمام ڈسپوزل سٹیشنز  اور لفٹ اسٹیشنزکے پمپس کو فعال رکھنے اور بیک اپ پمپس کو سٹینڈ بائی رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ 

ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار
واسا کے اجلاس میں ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ بیشتر ترقیاتی سکیموں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ایم ڈی نے مون سون  کے دوران تمام ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے  ہر جگہ ترقیاتی کام مکمل ہونے کے ساتھ ہی گڑھوں کو فوری بھرنے کی ہدایات بھی کیں۔
ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام ٹاؤنز کی سطح پر ریونیو کولیکشن کا جائزہ لیا اور   ڈائریکٹرز کو اپنے ٹاؤنز نادہندگان کیخلاف آپریشن میں تیزی لانے کی ہدایات کیں۔ 
نادہندگان کے پانی اور سیوریج کے کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ ایف آئی آر بھی درج کرانے کی ہدایت کی۔

 ایم ڈی واسا نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔  تمام افسران عوامی شکایات کو از خود سنیں اور اپنے آفس میں موجود رہیں۔
ایم ڈی واسا اس دوران سرپرائز دورے بھی کریں گے۔

مزیدخبریں