اویس کیانی : اضافی گندم کی درآمد میں ملوث قرار افسران کےخلاف کارروائی کا معاملہ، وزیراعظم شہباز شریف کےحکم پرمعطل افسران کےخلاف انکوائری کا آغاز کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سابق فوڈسیکیورٹی کمشنرڈاکٹر وسیم الحسن کوچارج شیٹ کردیا گیا، سیکریٹری فوڈ نےوزیر اعظم کی طرف سے معطل افسران کوچارج شیٹ کیا ہے۔ چارج شیٹ میں ڈاکٹر وسیم الحسن پر نااہلی،مس کنڈکٹ اورکرپٹ طرز عمل کے الزامات ہیں ۔ چارج شیٹ میں وسیم الحسن کو گندم بحران کا مرتب قراردیا گیا ہے ۔ ڈاکٹروسیم الحسن کو 14 روز میں اپنے دفاع میں تحریری جواب جمع کرانےکی ہدایت کی گئی ہے۔ معطل افسران کوتحریری جواب انکوائری آفیسرصالح احمدفاروقی کوجمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے4 معطل افسران کے خلاف تحقیقات کرنے کی منظوری دی تھی۔ وزیر اعظم نےسیکریٹری تجارت محمد صالح احمد فاروقی کو انکوائری آفیسر مقرر کیا ۔ معطل افسران کےخلاف سول سرونٹس ایفیشینسی اینڈ ڈسپلن رولز2020 کےتحت انکوائری ہورہی ہے۔ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے 4 افسران کو ذمہ دار قرار دے کر معطل کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹرجنرل پلانٹ پروٹیکشن اللہ دتہ عابد اورفوڈ سیکیورٹی کمشنر ڈاکٹر وسیم کومعطل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ویٹ کمشنر اورڈائریکٹر ڈی پی پی سہیل شہزاد بھی معطل کیے جانے والوں میں شامل تھے، ان افسران کو ناقص منصوبہ بندی اورغفلت برتنے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔