سٹی42: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی تنہائی کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔
اسلام آباد میں ایچ بی ایس میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوان گریجویٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، شعبہ تعلیم کیلئے وزیراعظم کی خدمات لائق تحسین ہیں، ینگ ڈاکٹرز معاشرے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں,انہوں نے کہا کہ ملک میں طبی تعلیم کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو ملک میں طبی تعلیم کی طلب اور رسد کے فرق کا جائزہ لے گی، معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے نجی شعبے کے میڈیکل کالجوں کی پہچان کے معیار کا جائزہ لیا جائے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایک انسان کی زندگی بچانا انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے، نوجوان میڈیکل سائنس میں جدید رجحانات کو اپنا کر خود کو باصلاحیت بنائیں، حکومت شعبہ صحت سے متعلق اقدامات کر رہی ہے,وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جو کہہ رہے تھے پاکستان تنہائی کا شکار ہے اب 3 ماہ میں کچھ اور کہہ رہے ہیں، پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔