سٹی42: شہری ہوا بازی سے متعلق یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) اور دیگر پاکستانی ائیرلائنز پر عائد پابندی اٹھانے کا معاملہ تھرڈ کنٹری آپریٹر بورڈ کو بھجوا دیا ہے جس کا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا۔
پاکستان میں ایوی ایشن کے شعبہ کو توقع تھی کہ آج ایاسا کے اجلاس میں پاکستانی ائیرلائنز پر عائد پابندی اٹھانےکا فیصلہ ہو جائے گا لیکن یہ توقع پوری نہ ہو سکی۔ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے سول ایوی ایشن کو آگاہ کردیا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایاسا نے پاکستانی ائیر لائنز کی یورپ آپریشنز میں واپسی کا معاملہ تھرڈ کنٹری آپریٹر بورڈ کو بھیج دیا ہے۔ اب تھرڈ کنٹری آپریٹر بورڈ کے اجلاس میں پی آئی اے اور دیگر پاکستانی ائیرلائنز پر سے پابندی اٹھانے یا نہ اٹھانے کا حتمی فیصلہ ہوگا۔
تھرڈ کنٹری آپریٹر بورڈ کے اجلاس میں سیکرٹری ایوی ایشن اور ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری سی اے اے آن لائن شرکت کریں گے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی ایاسا کے ٹی سی او بورڈ کا اجلاس اگلے ہفتے ہوگا۔ پابندی اٹھائے جانے کی خبریں قبل از وقت ہیں، حتمی فیصلہ اگلے ہفتے میں متوقع ہے۔