وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی

1 Jun, 2024 | 12:52 AM

سٹی42: وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی۔ پٹرول پونے پانچ روپے اور ڈیزل 3 روپے 86  پیسے فی لٹر سستا ہو گیا۔ 

اسلام آباد میں فنانس ڈویژن کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یکم جون 2024 سے شروع ہونے والے اگلے پندرہ دن کے لیے موٹر اسپرٹ ( پٹرول) کی فی لٹر قیمت میں 4 روپے 74 پیسے  اور ایچ ایس ڈی ( ہائی سپیڈ ڈیزل)  کی قیمت میں فی لٹر  3 روپے 86 پیسے کم کی جا رہی ہے۔

پیٹرول کی نئی قیمت 268 روپے 36 پیسے  ہو گئی ہے اور   ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 270 روپے 22 پیسے مقرر ہوئی ہے۔ 

فنیانس ڈویژن کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں گزشتہ پندرہ دن کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی  کے رجحان کے سبب  آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں کے فرق کی بنیاد پر  پٹرول اور ڈیزل کی نئی کنزیومر پرائس کا  تعین کیا ہے۔

پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں  ڈیڑھ ماہ کے دوران آج  تیسری بار کمی کی گئی ہے۔  اس سے پہلے  30اپریل کو پٹرول 5روپے 45پیسے اور  ڈیزل8روپے42پیسے سستا کیا گیا تھا۔ 15مئی کو پٹرول 15روپے 39پیسے اور ڈیزل7روپے 88پیسے سستا کیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر ڈیڑھ ماہ میں پٹرول کی قیمت 25 روپے  62 پیسے کم ہوئی ہے۔ 

مزیدخبریں