(رومیل الیاس)چلڈرن ہسپتال میں مریض بچے کی ہلاکت کے بعد لواحقین کے ڈاکٹر پر مبینہ تشدد کے خلاف ڈاکٹرز اور نرسز نے ہڑتال کر دی۔
ہڑتالی ڈاکٹرز اور نرسز نے ہسپتال کے آؤٹ ڈور سمیت ان ڈور وارڈز میں بھی مریضوں کے علاج معالجے کے عمل کو معطل کئے رکھا۔ہڑتالی ڈاکٹروں نے ڈاکٹر پر تشدد کرنے والوں کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج بچے کی ہلاکت کے بعد لواحقین نے ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر سعد رفیق کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا ڈیوٹی پر موجود نرسز کے ساتھ بدتمیزی اور گالم گلوچ کی تھی۔چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹرز اور نرسز نے عدم تحفظ اور ڈاکٹر پر ہونے والے تشدد کے خلاف آؤٹ ڈور اور ان ڈور وارڈز پر مریضوں کے علاج معالجے کے عمل کو معطل کئے رکھا ۔