(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ترک صدر کی مشترکہ پریس کانفرنس، اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ مختلف فورمزپر پاکستان اور ترکی یکساں موقف رکھتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف سے عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، مختلف فورمزپر پاکستان اور ترکی یکساں موقف رکھتے ہیں، دونوں ممالک دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات ہیں، عوام کی خوشحالی کیلئے اقتصادی تعاون ترجیح ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور ترکی کی اعلیٰ قیادت سے آئندہ ملاقات ستمبر میں اسلام آباد میں ہو گی، ای کامرس، تعلیم، انفراسٹرکچر کے شعبے میں ترکی کے تجربات سے استفادہ کریں گے، مختلف شعبوں میں ترک سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مذاکرات ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترک صدر سےمذاکرات اور ملاقات مثبت رہی،دونوں ممالک کےدرمیان مذہبی،ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں، دفاعی شعبے میں دونوں ممالک کا تعاون قابل ستائش ہے، تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مذاکرات ہوئے، پاکستان امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن کیلئے کام کرتا رہے گا۔ رواں سال دونوں برادر ملک سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام مسئلہ کشمیرپر ترکی کے واضح موقف پر مشکور ہیں، بھارت نے مقبوضہ وادی کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی، پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔